چمن(بلوچستان) اور کراچی کے باکسرز ایک دوسرے کے خلاف12جنوری سے نبردآزما ہونگے

جمعرات 10 جنوری 2019 17:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2019ء) چمن(بلوچستان) اور کراچی کے درمیان باکسنگ سیریز کا آغاز12 جنوری سے کراچی کے مختلف اضلاع میں ہوگا۔سندھ باکسنگ ایسو سی ایشن کے سیکریٹری اصغر بلوچ کے مطابق سیریز میں شرکت کے لئے چمن کی ٹیم21ارکان پر مشتمل ہے جس میں17 یوتھ اور سینئر کلاس باکسرز‘2کوچز اور دو ریفری ججز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیم جمعہ11جنوری کی شام چمن سے بذیعہ ٹرین کراچی پہنچے گی12جنوری کو سیریز کے ابتدائی مقابلے بیگم نصرت بھٹو کمیونٹی ہال فقیر کالونی کراچی ویسٹ میں ہونگے‘13جنوری بروز اتوار چمن اور کراچی کی ٹیمیں استاد محمد سٹو باکسنگ اسٹیڈیم چاکیواڑہ لیاری میں ایک دوسرے سے نبرد آزما ہونگی۔

14جنوری کو سیریز کے مقابلے شہید بے نظیر بھٹو باکسنگ اسٹیڈیم میں ہونگے‘15جنوری کو فائنل مقابلے استاد علی محمد قمبرانی باکسنگ اسٹیڈیم ککری گرائونڈ میں شیڈول ہیں۔ کراچی ویسٹ کے آرگنائزنگ سیکریٹری فدا حسین بلوچ جبکہ سائوتھ کے آرگنائزنگ سیکریٹری عبدالرزاق ہونگے۔ اختتامی تقریب16 جنوری کو ہوگی‘ کراچی باکسنگ ٹیم کا انتخاب ونٹر ٹیلنٹ ہنٹ باکسنگ کوچنگ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں میں سے کیا جائے گا۔