پی ٹی آئی رہنما کی جان کو پیپلز پارٹی کی قیادت سے خطرہ

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے محکمہ داخلہ سے سیکورٹی مانگ لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 11 جنوری 2019 10:57

پی ٹی آئی رہنما کی جان کو پیپلز پارٹی کی قیادت سے خطرہ
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جنوری 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے مجھے خطرہ ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے محکمہ داخلہ سے سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے سیکرٹری محکمہ داخلہ کو خط لکھ دیا ہے اور خط کی کاپی آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری کو بھی ارسال کی ہے۔

خط کے متن میں حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ مجھے پیپلز پارٹی کی قیادت سے خطرہ ہے اس لیے مجھے سیکورٹی فراہم کی جائے میں نے پیپلز پارٹی رہنماؤں کی کرپشن کو ہر فارم پر بے نقاب کیا ہے۔ماضی میں پیپلز پارٹی اپنے سیاسی مخالفین کو جانی نقصان پہنچا چکی ہے لیکن میں سندھ بھر میں بد عنوانی کے خلاف مہم چلاؤں گا۔

(جاری ہے)

جب کہ دوسری طرف  پاکستان تحریک انصاف نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف دائر کیا گیا نااہلی ریفرنس واپس لے لیا ہے۔

سابق صدر آصف زرداری کی نااہلی کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ریفرنس دائرکیا گیا تھا۔ پاکستان تحریک اںصاف کی رہنما خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف مصدقہ شواہد ملے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ میں یہ معاملہ سپریم کورٹ میں لے کر جاؤں گا۔تحریک انصاف بھی پیپلز پارٹی کی کرپشن کے خلاف خوب سرگرم ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت اثاثے ظاہر کرنا لازمی ہوتا ہے۔

لیکن آصف علی زرداری نے اپنے اثاثہ جات میں اپارٹمنٹ ڈکلئیر نہیں کیا۔ آصف علی زرداری امریکہ میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک ہیں۔ آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی پر آصف زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ریفرنس دائر کریں گے۔ جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آصف زرداری کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائرکیا گیا تھا، ریفرنس کے متن میں سابق صدر آصف زرداری کے امریکہ میں اپارٹمنٹ چُھپانے کو جواز بنایا گیا۔