زرداری صاحب کی خواہش ہے کہ ان کا نام ای سی ایل سے نکلے اور وہ پتلی گلی سے نکل جائیں، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا سعید غنی کے بیان پر ردعمل

جمعہ 11 جنوری 2019 21:36

زرداری صاحب کی خواہش ہے کہ ان کا نام ای سی ایل سے نکلے اور وہ پتلی گلی ..
لاہور۔11 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2019ء) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کراچی سے لیکر خیبر تک پورا پاکستان کسی کی میراث نہیں ہے نہ ہی کسی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی صوبے یا شہر میں کسی پاکستانی شہری کے داخلے پر پابندی لگا سکے، سعید غنی صاحب جیسے سیاستدان جو زرداری صاحب اور ان کی مافیا کے فرنٹ مین کے طور پر کام کرتے رہے ہیں ان کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ سندھ میں کسی کے داخلے پر پابندی لگا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ آلِ زرداری اور خود زرداری صاحب کے دو مسئلے ہیں ایک آیان علی اور دوسرا پتلی گلی۔

(جاری ہے)

آیان علی سے رشوت خوری کرواتے ہیںاور رشوت خوری پکڑی جائے توپتلی گلی کا استعمال کرتے ہیں۔اب آیان علی تو باہر بیٹھی ہیں اور پتلی گلی ای سی ایل کی وجہ سے کام نہیں آ رہی۔

اب زرداری صاحب کو مسئلہ ہورہا ہے اور انکی شدت سے خواہش ہے کہ انکا نام ای سی ایل سے نکلے اور وہ پتلی گلی کا استعمال کر سکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سعید غنی صاحب تو زرداری صاحب کے لیے پین کلر کا کام کرتے ہیں۔یہ کرپٹ لوگ جعلی طریقے سے سندھ کی نمائندگی حاصل کر کے اس کی معیشت سے کھلواڑ کرتے ہیںجس کے باعث ہر سال بے شمار لوگ غربت سے شہید ہوتے ہیں۔

انکے اوپر لادے ہوئے جاگیردار آلِ زرداری اور انکے حواری جو اربوںڈالر کی کرپشن کرتے ہیں اور جب ہم نے ان کی کرپشن کے خلاف آواز بلند کی تو ہمیںسندھ کا دشمن کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کا بینہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک سپریم کورٹ سے فیصلہ نہیںآتا اور تحریری آرڈر نہیں آتاتب تک ای سی ایل سے نام نکالنے اور رکھنے کا فیصلہ نہیں ہوسکتا۔