Live Updates

وزیراعظم کو کلاشنکوف کا تحفہ مل گیا

گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود نے وزیراعظم عمران خان کو خوبصورت کیس میں سونے کی کلاشنکوف کا تحفہ پیش کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 15 جنوری 2019 16:45

وزیراعظم کو کلاشنکوف کا تحفہ مل گیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان سےگورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیر دفاع پرویز خٹک، خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ بھی ملاقات میں موجود تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود نے عمران خان سے ملاقات کی،وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود نے عمران خان کو خوبصورت کیس میں سونے کی کلاشنکوف کا تحفہ پیش کیا۔جب کہ گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کی ہے۔صدر نے اس بات پر زور دیا کہ قیادت کی سطح پر حالیہ ملاقاتوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوینے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تمام شعبوں میں ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو تیز کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے بدستور پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں، پاکستانی برادری وژن 2030ء منصوبوں میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

گورنر تبوک نے کہا کہ سعودی عرب کے عوام اور حکومت پاکستان کی حکومت اور عوام کا بہت احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط برادرانہ تعلقات کی بنیادی وجہ عوامی سطح پر قریبی روابط اور پاکستانی برادری کی سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں خدمات اور کردار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات