جے آئی ٹی میں بیرون ملک اثاثوں اور اکائونٹس کی تفتیش نامکمل ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 18 جنوری 2019 01:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی میں بیرون ملک اثاثوں اور اکائونٹس کی تفتیش نامکمل ہے، سرکاری زمینوں پر قبضوں کا بھی ذکر ہے جس کی جے آئی ٹی تفتیش کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی زمینوں پر قبضہ ہے جس کی تحقیقات پر انہیں مسئلہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی اداروں کی خود مختاری کے لیے کام شروع کیا اور انہیں خود مختاری دی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جعلی اکائونٹس کیس سپریم کورٹ کے حکم پر نیب میں چلا گیا ہے، اگر نیب چاہے تو تفتیش کے لیے نام دوبارہ ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی اکائونٹس کیس میں پاناما کیس سے بھی زیادہ سخت فیصلہ ہے کیونکہ جے آئی ٹی نے ثبوتوں اور شواہد کے ساتھ انکشافات کیے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیس میں اثاثوں کا معاملہ تھا، جعلی اکائونٹس کیس میں ریفرنس فائل ہو سکتا ہے، جعلی اکائونٹس کیس دستاویزی ثبوتوں کا کیس ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کو ختم نہیں کیا گیا بلکہ مزید تحقیقا ت کا کہا گیا ہے۔