چوہدری برادران کے ساتھ معاملات حل ہوگئے ،انہیں علم ہے کون دوست اور کون دشمن ہے ‘فیاض الحسن چوہان

ہفتہ 19 جنوری 2019 13:58

چوہدری برادران کے ساتھ معاملات حل ہوگئے ،انہیں علم ہے کون دوست اور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری برادران کے ساتھ معاملات حل ہوگئے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی ہے اور مسئلہ حل ہوچکا ہے، چوہدری برادران کو علم ہے کہ کون ان کا دوست اور کون دشمن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران سب سے زیادہ ذہین اور زیرک سیاستدان ہیں، وہ اس نظام کے اہم پلرز ہیں،مخالفین کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمار یاسر کا معاملہ وزیراعلی پنجاب سے متعلق نہیں، وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے خود بات کرلیتے تو مسئلہ حل ہوجاتا ، عمار یاسر ہمارے ساتھی ہیں اور ہمارے ساتھ ہی رہیں گے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پنجاب کے وزیر معدنیات عمار یاسر نے اپنے کام میں مداخلت کا شکوہ کرکے وزارت سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ چوہدری برادران کی جانب سے بھی حکومتی رویے اور معاہدے پر تحفظات کی اطلاعات تھیں۔