Live Updates

انصاف کی فراہمی سے بڑھ کر انقلابی اقدام کوئی اور نہیں ہو سکتا ،وزیراعظم عمران خان آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے پرعزم ہیں، ساہیوال کے افسوسناک واقعے پر وہ حق اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں انصاف کی فراہمی، معیشت کی بحالی تعلیم اور صحت کے شعبوں کے فروغ اور اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے،

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا اسلام آباد کے وکلا ء کی تقریب سے خطاب

منگل 22 جنوری 2019 01:00

انصاف کی فراہمی سے بڑھ کر انقلابی اقدام کوئی اور نہیں ہو سکتا ،وزیراعظم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی سے بڑھ کر انقلابی اقدام کوئی اور نہیں ہو سکتا ،وزیراعظم عمران خان آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے پرعزم ہیں، ساہیوال کے افسوسناک واقعے پر وہ حق اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں انصاف کی فراہمی، معیشت کی بحالی تعلیم اور صحت کے شعبوں کے فروغ اور اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے۔

وہ پیر کواسلام آباد کے وکلا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اسلام آباد بار سے گہرا تعلق ہے، وزیراعظم عمران خان نے بھی اس بار سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے پرعزم ہیں، ساہیوال کے افسوسناک واقعے پر وہ حق اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی سے بڑھ کر انقلابی اقدام کوئی اور نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں امن و خوشحالی اور تبدیلی کی حقیقی بنیاد انصاف کا منصفانہ نظام ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فراہمی انصاف کے نظام کی اصلاح موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ معیار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ قانون کی تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کریں گے۔چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی موجودگی سے ملک میں عدالتی اصلاحات کرنے کے لئے ایک سنہری موقع میسر آیا ہے، اگر یہ اصلاحات ان کی موجودگی میں نہ ہوئی تو پھر کبھی نہیں ہو سکیں گی انہوں نے کہا کہ بحیثیت وکیل قانون دان برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔

وزیر اطلاعات فوادحسین نے کہاکہ وکلاء برادری بالخصوص نوجوان وکیلوں کے لیے سہولیات کی فراہمی اور درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ نے مشکلات اور مصائب کے باوجود عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ وکلاء کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے، معاشی خود انحصاری، اداروں کی مضبوطی اور اصلاحات کے ایجنڈے کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات