Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کوجے آئی ٹی کی نامکمل تحقیقاتی رپورٹ پیش

رپورٹ میں خلیل اور اہلخانہ بے گناہ جبکہ ذیشان کا کردار مشکوک قرار، سی ٹی ڈی اہلکاروں اورعینی شاہدین کے بیانات، 6 ویڈیوکلپس، سی سی ٹی وی فوٹیج، 3 ٹیلیفوں کالزکی ریکارڈنگ شامل، سربراہ جے آئی ٹی وزیراعلیٰ کو مطمئن کرنے میں ناکام، حکومت پنجاب کا سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنائے جانے سمیت سربراہ سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی آپریشنزکی تبدیلی کا امکان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 جنوری 2019 18:39

وزیراعلیٰ پنجاب کوجے آئی ٹی کی نامکمل تحقیقاتی رپورٹ پیش
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جنوری2019ء) حکومت پنجاب کی جانب سے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنائے جانے کا امکان ہے، سربراہ جے آئی ٹی نے اپنی نامکمل تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کردی ہے، سربراہ جے آئی ٹی وزیراعلیٰ کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے، سربراہ سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی آپریشنزکی تبدیلی کا بھی امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سانحہ ساہیوال پر جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے اپنی نامکمل رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ رپورٹ میں سی ٹی ڈی اہلکاروں اور عینی شاہدین کے بیانات ، پوسٹمارٹم رپورٹ کے مندرجات، سمیت 6 ویڈیوکلپس، سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت 3 ٹیلیفوں کالزکی ریکارڈنگ بھی شامل ہے۔اسی طرح رپورٹ میں ذیشان کی گاڑی کتنی بار ساہیوال آئی یہ بھی درج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کون کون سی گولیاں چلائی گئیں اور مر نے والوں کو کس بور کی گولیاں لگیں یہ بھی رپورٹ میں درج ہے۔

رپورٹ میں مقتول خلیل اور اہلخانہ کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے جبکہ ذیشان کے کردارکو مشکوک قرار دیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے حد سے تجاوز کیا۔ بتایا گیا ہے کہ سربراہ جے آئی ٹی وزیراعلیٰ کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن بنائے جانے کا امکان ہے۔ بعد ازاں وزیرقانون پنجاب راجا بشارت نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے جے آئی ٹی تشکیل دی۔

جے آئی ٹی نے 72 گھنٹوں میں اپنی تحقیقات مکمل کیں۔پہلے کبھی بھی صوبے کی تاریخ میں 72 گھنٹے کاروائی نہیں کی گئی۔ہم پرعزم ہیں کہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خلیل کے خاندان کے قتل کا ذمہ دار سی ٹی ڈی افسران کو ٹھہرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذیشان اور اس کے زیراستعمال گاڑی سے متعلق کل میڈیا کومکمل بریفنگ دی جائے گی۔

اسی طرح ذیشان سے متعلق مزید حقائق کو سامنے لانے کیلئے جے آئی ٹی سربراہ نے مہلت مانگی ہے۔انہوں نے کہا کہ میری درخواست ہے معلومات اکٹھی کی جائیں اور گاڑی کا پتا کیا جائے کہ وہ دہشتگردوں کے استعمال میں تھی یا نہیں؟ وزیرقانون پنجاب نے بتایا کہ واقعے میں ملوث ایس ایس پی ، ڈی ایس پی اور ملوث افسران کیخلاف کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔اسی طرح ڈی آئی جی ساہیوال کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اورایس ایس پی سی ٹی ڈی کو معطل کردیا گیا ہے۔ جبکہ ذمہ دران 5افسران کوچلان کرکے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن 100فیصد ٹھیک تھا۔تاہم بے گناہوں کو قتل کرنے کے جرم میں ملوث افسران اور اہلکاروں کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات