نواز شریف کی رہائی کیلئے جلد احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا

پہلے احتجاجی تحریک کا آغاز جلسوں سے کیا جائے گا

بدھ 30 جنوری 2019 22:49

نواز شریف کی رہائی کیلئے جلد احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2019ء) مسلم لیگ ن کے رہنما اور نواز شریف رہائی کمیٹی کے سربراہ خالد ممتاز ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رہائی کے لئے جلد احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گاپہلے احتجاجی تحریک کا آغاز جلسوں سے کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور تیسرے مرحلے میں بھوک ہڑتال کی جائے گی، احتجاجی تحریک کا آغاز ہم کراچی سے شروع کر رہے ہیں اس کے بعد اسے پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔

اس بات کا اعلان انھوں نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ سید عامر حسین ایڈوکیٹ،آفاق احمد ایڈوکیٹ، ذوالفقار علی ایڈوکیٹ، پرویز عالم ایڈوکٹ، اعظم خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔خالد ممتاز ایڈوکیٹ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا تنظیمی ڈھانچہ سندھ میں توڑ دیا گیا تھااس لئے احتجاجی تحریک کا فیصلہ انھوں نے اپنے ساتھیوں کے مشورے سے کیا ہے ، اس کے علاوہ کچھ عرصے قبل انھوں نے خواجہ سعد رفیق سے بھی ملاقات کی تھی ، اس لئے وہ سمجھتے ہیں انھیں اس سلسلے میں پارٹی کا اعتماد بھی حاصل ہوگا،ایک سوال کے جواب میں خالد ممتاز ایڈوکیٹ نے کہا کہ اگر نواز شریف کو علاج کے لئے ملک سے باہر جانے کی اجازت مل گئی تو وہ واپس ضرور آئیں گے ،جب وہ اپنی اہلیہ کی بیماری کے سلسلے میں ملک سے باہر تھے جب بھی ان کے لئے یہی باتیں کی گئیں تھی کہ وہ اب ملک واپس نہیں آئیں گے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہے ، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، ملک میں موٹر وے ، میٹروبس، میٹروٹرین ، اور بجلی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کروائے لیکن موجود ہ حکومت ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کر رہی ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ ملک کے سیاسی کلچر کو دو سیاسی جماعتوں نے خراب کیا ہے ان میں متحدہ قومی موومنٹ، اور تحریک انصاف شامل ہیں۔