متحدہ عرب امارات میں چار نئے ٹریفک جرمانے شروع کر دیئے گئے

ان جرمانوں کا مقصد اماراتی روڈز کو مزید محفوظ بنانا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 1 فروری 2019 11:47

متحدہ عرب امارات میں چار نئے ٹریفک جرمانے شروع کر دیئے گئے
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1فروری 2019ء ) متحدہ عرب امارات میں مزید چار قسم کے ٹریفک جرمانے متعارف کرا دیئے گئے ہیں۔ ابو ظہبی پولیس کے مطابق جو ڈرائیور حضرات کراسنگ پر راہگیروں کو سڑک کراس کرنے میں رکاوٹ بنتے ہیں اُن پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد ہو گا اور اُن کے لائسنس پر چھ بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا۔ محکمے کی جانب سے راہگیروں کے لیے بنی کراسنگ اور سکولوں کے قریب پر لگائے گئے ریڈار جلد کام کرنا شروع کر دیں گے۔

اگر کوئی شخص اپنی گاڑی عین راہگیروں کے لیے بنی کراسنگ کے اُوپر روکتا ہے تو ایسی صورت میں اُس پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح اگر کوئی شخص اپنی گاڑی اچانک اس انداز سے روکتا ہے کہ اس سے سے راہگیروں کی جانب کو خطرہ لاحق ہو یا اُن کے محفوظ طریقے سے سڑک پار کرنے میں دُشواری ہو تو پھر چار سو درہم کا جرمانہ ہو گا۔

(جاری ہے)

اگر کوئی ڈرائیور اپنی گاڑی سڑک کنارے کے فٹ پاتھ پر پارک کرتا ہے تو اسے جرمانے کی مد میں چار سو درہم ادا کرنا ہوں گے۔

کراسن پر نصب ان وارننگ ڈیوائسز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی سہولت موجود ہے ۔ ابو ظہبی پولیس کے مطابق مستقبل میں راہگیروں کے لیے پُل اور سُرنگیں بھی بنائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ سڑکوں کے کنارے کھُلی جگہوں کو بند کیا جائے گا تاکہ راہگیر ان غیر مخصوص جگہوں سے سڑک کراس کرنے کی کوشش میں حادثات کا شکار نہ ہوں۔ متحدہ عرب امارات میں راہگیروں کو سب سے زیادہ ٹریفک حادثات ابو ظہبی میں پیش آتے ہیں، اس کی بڑی وجہ ڈرائیوروں کی جانب سے راہگیروں کا خیال نہ رکھنا ہے۔ پولیس نے ڈرائیورز کو تاکید کی ہے کہ وہ سڑک پار کرنے والے افراد کو دیکھ کر گاڑی محتاط اندا ز سے چلائیں، کراسنگ، شاپنگ مالز اور انڈسٹریل ایریامیں رفتار کم کر لیں اور راہگیروں کو پہلے گزرنے دیں۔