گورنر سندھ عمران اسماعیل کا بریانی فیسٹیول کروانے کا اعلان

بریانی فیسٹیول کو بین الاقوامی فیسٹیول کا درجہ دیا جائے گا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 فروری 2019 12:06

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 فروری 2019ء) : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ہر سال بریانی فیسٹیول منعقد کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنرسندھ نے رائس ایکسپورٹرایسوسی ایشن کا دورہ کیا اور اعلان کیا کہ گورنرہاؤس میں اب ہر سال ایک مرتبہ بریانی فیسٹیول منعقد کروایا جائے گا اور اس فیسٹیول کو بین الاقوامی فیسٹیول کا درجہ دیا جائے گا۔

چیئرمین رائس ایکسپوٹرز کا کہنا تھا کہ ابھی پاکستان دو ارب ڈالر کی چاول کی برآمدات کررہا ہے ، اگر سہولت اور مشکلات حل کی جائیں تو یہ چار ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بریانی فیسٹیول کا افتتاح صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کریں گے ۔رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں، صنعتوں اور ایکسپورٹ کے شعبے کو پروان چڑھانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ چاول ایکسپورٹرز ملک کے کماؤ پوت ہیں اور اس شعبے کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کُھلے ہیں۔ چاول کی برآمدات کو 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ٹاسک کو حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ برآمدات کا حجم 2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جسے برآمد کنندگان نے از خود 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ۔حکومت ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے ۔

ہم پاکستان کو سطح کے خسارے سے باہر نکالنا اور انڈسٹری، کاشتکاروں اور ایکسپورٹرز کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔حکومت کی حکمت عملی سے ہونے والی معاشی ترقی جلد نظر آئے گی۔ گورنرسندھ نے اس موقع پر رائس ایکسپورٹرز کی جانب سے گورنر ہاؤس میں بریانی فیسٹیول منانے کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ بریانی فیسٹیول ہر سال منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چاول کی چار ارب ڈالر کی برآمدات کے ٹاسک کو حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ گورنر سندھ کے اس اعلان پر بریانی کے شوقین افراد بھی پُر جوش ہو گئے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل کے اس فیصلے پر ملے جُلے رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔