نواز شریف کو آج کوٹ لکھپت جیل سے سروسزہسپتال منتقل کیا جائے گا. ذرائع

ہسپتال کے وی وی آئی پی رومز میں کمرہ تیار‘ سیکورٹی کا عملہ بھی تعینات کردیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 2 فروری 2019 12:23

نواز شریف کو آج کوٹ لکھپت جیل سے سروسزہسپتال منتقل کیا جائے گا. ذرائع
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 فروری۔2019ء) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو آج کوٹ لکھپت جیل سے سروسزہسپتال منتقل کیا جائے گا. نوازشریف کے کے لئے ہسپتال کے وی وی آئی پی رومز میں ایک کمرہ تیار کیاگیاہے جہاں 2 بیڈ رکھے گئے ہیں جبکہ مہمانوں کے لئے صوفوں اور میز کا انتظام بھی ہے. پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کی تجویز پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہسپتال میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ وی آئی پی کمرے کے باہر سے غیر ضروری موٹر سائیکلیں ہٹا دی گئی ہیںجبکہ باہرسے بھی کچرا وغیرہ اٹھاد یا گیاہے.

(جاری ہے)

مریضوں کے لواحقین کو بھی اس مقام پرکھڑے ہونے سے منع کر دیا گیاہے،ہسپتال کا عملہ الرٹ ہے جبکہ سیکورٹی گارڈ وی وی آئی پی کمروں کے باہر تعینات کر دیئے گئے ہیں. ‘ہسپتال کے کولیکشن سینٹرمیں بھی مریضوں کے لواحقین کو پریشانی کا سامنا کرناپڑ رہاہے. کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا چند روز قبل جیل میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے طبی معائنہ کیا تھا جس میں امراض قلب کے ماہرین بھی شامل تھے.

پنجاب حکومت کی جانب سے چند روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کے طبی معائنے کے لیے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل ایک میڈیکل بورڈ بنایا گیا تھا جس نے کوٹ لکھپت جیل میں ان کا طبی معائنہ کیا تھا. ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کے سینئر ڈاکٹرز نے میاں نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی تھی جس پر پنجاب حکومت نے علاج کے لیے انہیں آج سروسز ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے.

یادرہے کہ گزشتہ روز میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش پر مبنی رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوائی تھی. سابق وزیر اعظم نواز شریف مختلف امراض میں مبتلا ہیں‘ان کے طبی معائنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے امراض قلب کے ماہرین پر مشتمل خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا‘ جس نے 30 جنوری کو دو گھنٹے تک کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا تھا.

میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بلڈ پریشر ، ای سی جی اور خون کے نمونے حاصل کیے جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیکل بورڈ کو نواز شریف کی دل کی بیماری سے متعلق ہسٹری پر بریفنگ دی تھی. میڈیکل بورڈ نے جیل میں نواز شریف کا معائنہ کرنے اور میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں رپورٹ مرتب کر کے محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوائی جس میں انہیں جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی تھی.