نئی ویزہ پالیسی، تبلیغی ویزہ45 دن، مشنری کی مدت ایک سال مقرر

حکومت پاکستان کی سیاحت، بزنس اورسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نئی ویزہ پالیسی، حکومت مشنری(missionary) اور تبلیغی (tablighi) ویزہ میں فرق کو واضح کرے۔ عوامی حلقے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 2 فروری 2019 20:26

نئی ویزہ پالیسی، تبلیغی ویزہ45 دن، مشنری کی مدت ایک سال مقرر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2019ء) حکومت پاکستان نے سیاحت ، بزنس، اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ویزہ پالیسی میں نرمی کردی ہے، حکومتی ویزہ پالیسی میں معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے تبلیغی ویزہ میں بھی نظرثانی کی ہے، تبلیغ کیلئے پاکستان کا ویزہ 45 دن جبکہ مشنری یعنی عیسائی یا دوسرے مذاہب کے لوگوں کیلئے ویزہ کی مدت ایک سال مقرر کردی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے سیاحت ، بزنس، اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پاکستان کے دنیا کیلئے دروازے کھول دیے ہیں، جس کے پیش نظرحکومت پاکستان نے نئی ویزہ پالیسی میں نرمی کردی ہے۔ ویزہ پالیسی کے مطابق 175ممالک کوای ویزہ، 66 ممالک کا پاکستان کیلئے ویزہ پالیسی میں نرمی جبکہ 50 ممالک کیلئے ویزہ آن ارائیول کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن نئی ویزہ پالیسی سے متعلق لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنی نئی ویزہ پالیسی میں اس بات کو واضح نہیں کیا کہ مشنری (missionary) اور تبلیغی (tablighi) ویزہ میں کیا فرق ہے؟ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حیران کن بات ہے کہ حکومت پاکستان نے تبلیغ کی غرض سے ویزہ کی مدت کا دورانیہ صرف 45 دن رکھا ہے جبکہ مشنری ویزہ جس بارے عموماً خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ویزہ عیسائیوں یا دوسرے مذاہب کے لوگوں کو مخصوص مقاصد کیلئے جاری کیا جاتا ہے۔

نئی ویزہ پالیسی میں اس کا دورانیہ ایک سال رکھا گیا۔ واضح رہے نئی ویزہ پالیسی کی منظوری وفاقی کابینہ نے بھی دے دی ہے۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان سیاحوں کیلئے جنت ہے۔ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں4 کیٹگریز بنائی گئی ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں نئی ویزہ پالیسی متعارف کرا دی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک سو پچہتر ممالک کو ای ویزہ کی سہولت دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پچاس ممالک کو ائرپورٹ لاؤنج پر ہی ویزہ دے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ویزے کی سہولت 96 ملکوں تک بڑھا دی ہے۔ ڈپلومیٹک کارڈ کی مدت تین سال تک بڑھا دی گئی ہے۔ فواد نے کہا کہ سٹوڈنٹس کیلئے ویزہ مدت2 سال تک بڑھا دی ہے۔ سیاحوں کو کنٹونمنٹ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے این او سی کی ضرورت نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا ویزہ وزارت اطلاعات پراسیس کریگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی سیاحتی پالیسی سے پاکستان میں بہتری آئیگی۔