دینی جماعتوں کا غیر انتخابی اتحاد اصولوں ،نظریات اور وحدت و یکجہتی کے جذبہ کے ساتھ قومی سلامتی کی حفاظت کیلئے ناگزیر ہے ‘لیاقت بلوچ

بلوچستان میں تعلیم ، صحت ، روزگار اور دہشتگردی کے بحرانوں میں دھکیل کر اسلامی نظریاتی جڑیں کاٹنے کی سازش ہورہی ہے‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

جمعرات 14 فروری 2019 18:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ دینی جماعتوں کا غیر انتخابی اتحاد اصولوں ،نظریات اور وحدت و یکجہتی کے جذبہ کے ساتھ قومی سلامتی کی حفاظت کے لیے ناگزیر ہے ، بلوچستان میں تعلیم ، صحت ، روزگار اور دہشتگردی کے بحرانوں میں دھکیل کر اسلامی نظریاتی جڑیں کاٹنے کی سازش ہورہی ہے، بلوچستان کی مساجد ، مدارس ، خانقاہیں اور دینی جماعتیں بہت ہی مضبوط طاقت ہیں ، اسلام ہی عوام کے مسائل کا حل اور تمام طبقات کے درمیان وحدت و اتحاد کی زنجیر ہے ۔

نوجوان سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سے سیکولرازم و لبرل ازم کی بازی پلٹ دیں ۔ بلوچستان ملی یکجہتی کونسل کی صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب اورصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو بلدیاتی بااختیار نظام دینے کے لیے تیار نہیں ، گزشتہ انتخابات بھی سپریم کورٹ کے حکم پر ہوئے اور سیاسی حکومتوں نے بلدیاتی اداروں کو بے اختیار اور عضو معطل بنا کر رکھا اب بھی چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ آئین کے مطابق وفاق اور صوبوں کو بااختیار بلدیاتی نظام اور انتخاب کے لیے ڈائریکشن دیں ۔

(جاری ہے)

وفاق صوبوں کے حقوق اور آئینی خود مختاری واپس لینے کی آگ سے نہ کھیلے۔ اٹھارویں ترمیم پارلیمانی نظام اور صوبوں کے حقوق کو بااختیار بناتی ہے ۔ حکومتیں عوام کے مسائل حل کریں ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت ، ناانصافی اورکرپشن عام آدمی کے لیے ناقابل برداشت ہوگئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے اور سانحہ ساہیوال کے بعد قومی ایکشن پلان ، ریاستی اداروں کو اندھے اختیارات کے ظالمانہ استعمال کا ریویو کیا جائے ۔

اس موقع پر علامہ عارف واحدی ، مولانا عبدالحق ہاشمی ، عبدالقدوس ساسولی ، مولانا ہدایت الرحمن ، مولانا انوار الحق حقانی ، مولانا عبدالکبیر شاکر ، ڈاکٹر عطاء الرحمن اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ لیاقت بلوچ نے محمو د خان اچکزئی کے بھتیجے اور جماعت اسلامی بلوچستان کے میڈیا انچارج ولی خان شاکر کے سسر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار بھی کیا ۔