Live Updates

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان

سعودی عرب نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں اربوں کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 فروری 2019 10:29

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے موقع پر سعودی عرب اور پاکستان کے مابین کئی منصوبوں کی یادداشت پر دستخط ہونے اور سعودی عرب کی جانب سے بھاری امداد ملنے کا امکان ہے۔ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران جہاں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا وہیں سعودی عرب نے موجودہ حکومت کے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں اربوں کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ،اس سلسلے میں سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران ایم او یو پر دستخط ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے گذشتہ سال دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکمرانوں سے پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کے اہم پر سرمایہ کاری پربات چیت کی تھی جس پر سعودی عرب کے حکمران اس بات پر قائل ہوگئے ہیں کہ اس ہاؤسنگ کے منصوبے پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کریں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے حکام کے درمیان پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ پر ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے گذشتہ ماہ منی بجٹ میں بھی ہاؤسنگ منصوبے کے لیے 5 ارب روپے کے بجٹ مختص کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کے اہم منصوبوں میں سر فہرست ہے ۔

اس منصوبے سے نہ صرف غریب افراد کے لیے گھروں کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ معیشت کا پہیہ تیز ہوگا اور نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے ۔واضح رہے کہ قبل ازیں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈز بھی دیے جائیں گے۔

اس حوالے سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران ایم او یو پر دستخط ہوں گے جس میں بجلی کے 5 منصوبوں کے لیے ایک ارب 20 کروڑ 75 لاکھ ریال کے ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔رپورٹس کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے سعودی عرب کی جانب سے 37 کروڑ 50 لاکھ سعودی ریال ، مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے 30 کروڑ اور شونتر منصوبے کے لیے 24 کروڑ 75 لاکھ ریال ملیں گے۔ اس کے علاوہ جامشورو پاور پراجیکٹ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 15 کروڑ 37 لاکھ جبکہ جاگران ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 13 کروڑ 12 لاکھ ریال فراہم کیے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات