وفاقی حکومت اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کرنے کا اعلان کر سکتی ہے، نجی ٹی وی کا دعویٰ

پیر 18 فروری 2019 15:18

وفاقی حکومت اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کرنے کا اعلان کر سکتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) وفاقی حکومت اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کرنے کا اعلان کر سکتی ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حکومت عرب ممالک بالخصوص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہفتہ وار چھٹی تبدیل کرنے کا یہ فیصلہ کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں اتوار جبکہ عرب ممالک میں جمعہ کے روز ہفتہ وار چھٹی ہونے کی وجہ سے ان ملکوں کے کاروباری شعبے کو ایک ساتھ کاروبار کے مواقع پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو ملتے ہیں جبکہ ایک ہی دن ہفتہ وار تعطیل نہ ہونے کے سبب پاکستان اور عرب ممالک کی آپس کی کاروباری سرگرمیاں انتہائی محدود ہو جاتی ہیں جس کا اثر پاکستان کی معیشت پر بھی پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اربوں ڈالر کے کاروباری و تجارتی معاہدے دستخط ہوئے ہیں جس کے تناظر میں حکومت پاکستان اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل ہونے کا اعلان کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں شروع کے ادوار میں ہفتہ وار چھٹی اتوار کو ہوتی تھی، بعد میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے اتوار کی چھٹی ختم کر کے جمعہ کے دن کو ہفتہ وار چھٹی کے طور پر مقرر کر دیا تھا، پھر میاں نواز شریف کی حکومت نے جمعہ کی چھٹی ختم کر کے دوبارہ اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کا دن مقرر کر دیا تھا