شا ہ لطیف یونیورسٹی میں شعبہ فارمیسی کا مسئلہ حل کرانے کے لیے اساتذہ کاکلیدی کردار اداکرنے کا فیصلہ

جمعرات 21 فروری 2019 17:35

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے میڈیا کو آرڈنیٹر پروفیسر محمد ابراہیم کھوکھر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یونیورسٹی کے فارمیسی شعبے کے رجسٹریشن کے حل کیلئے وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی ہدایت پر یونیورسٹی کے پرووائیس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک کی صدارت میں تمام فیکلٹیوں کے ڈین اور تدریسی شعبہ جات اور انسٹیٹیوٹ کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید اسدرضا عابدی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر طویل گفت و شنید کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ فارمیسی کا مسئلہ ایک جائز مسئلہ ہے جسے کچھ غیر متعلقہ افرادنے یونیورسٹی کے پر امن تعلیمی ماحول کو خراب کرنے کیلئے سیاسی رنگ دے دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ اساتذہ اس مسئلے کے حل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے اور حکومت سندھ کے ساتھ ساتھ پاکستان سائنس فانڈیشن، مقامی و قومی صنعتوں اور دیگر قومی و بین الاقوامی اداروں سے فنڈنگ کیلئے رابطہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر پرووائیس چانسلر نے کہا کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا لہذا پرووائیس چانسلر نے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دیں ۔ ڈائریکٹر الومنائی ایسوسی ایشن سے درخواست کی گئی کہ وہ فنڈنگ کیلئے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات سے رابطہ کریں اس کے علاوہ نیچرل اور فزیکل سائنسز کی تحقیقی پروجیکٹ کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔

اس کے علاوہ شعبہ فارمیسی اور صنعتی روابط کمیٹی بھی قائم کی گئی جو دواساز کمپنیوں سے رجسٹریشن اور فنڈنگ کیلئے رابطہ کرے گی۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ شعبہ فارمیسی شعبے کی مضبوطی کیلئے نیشنل فارمیسی بورڈ پر کام کرے گا تاکہ شعبے میں قومی و بین الاقوامی کانفرنس اور سیمینار منعقد کی جا سکیں۔ ڈاکٹر یوسف خشک نے کہا کہ وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ اس مسئلے کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور رجسٹریشن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکا نے چند طلبہ اور غیر متعلقہ افراد کی جانب سے ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر میر منصف علی ٹالپر کے ساتھ غلط رویے کی سختی سے مذمت کی۔ اساتذہ نے کہا کہ ڈاکٹر میر منصف علی ٹالپر ایک باوقار استاد اور نیچرل سائنسز کے ڈین ہیں ان کے ساتھ کسی بھی قسم کا غیر اخلاقی رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور اساتذہ برادری اور یونیورسٹی انتظامیہ اس موقع پر ڈاکٹر میر منصف علی ٹالپر کے ساتھ ہے۔

فارمیسی شعبے کی رجسٹریشن کے مسئلے کے حل کے سلسلے میں ایک اہم مذاکراتی اجلاس ڈپٹی کمشنر خیرپور کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے پرووائیس چانسلر، فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کے ڈین، میڈیا کو آرڈنیٹر اور فارمیسی شعبے کے اساتذہ نے شرکت کی۔ جبکہ اسٹوڈنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندے ارسلان شاہ و دیگر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور اور اے ڈی سی ون خیرپور ریاض حسین وسان نے مذاکرات کار کے طور پر اجلاس میں شرکت کی۔