شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

جب تک شواہد نہیں ملتے تب تک سپیکر سندھ اسمبلی کو بھی رہا کیا جائے ‘ مسلم لیگ (ن ) کا مطالبہ

جمعہ 22 فروری 2019 15:54

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کیخلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں مذمتی قرارداد جمع کرادی۔رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے صدر و اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی مذمت کرتے ہیں ،حکومت انتقام کی آڑ میں سیاسی مخالفین کی آواز کو دبانے کیلئے ایسے حربے استعمال کررہی ہے،گزشتہ چند ماہ سے پاکستان میں احتساب کے نام پر ڈرامہ رچایا جارہا ہے۔

حکومت اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ غیر جمہوری سلوک کررہی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ حکومتی لوگوں کو ہر طرح سے ریلیف دیا جا رہا ہے۔قرار داد کے متن میں مزید کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہیں ،پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں پہلی بار کسی سپیکر کو گرفتار کیا گیا ہے۔وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہباز شریف کا نام فی الفور ای سی ایل سے نکالے اور سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کیخلاف جب تک کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملتے ان کو رہا کیا جائے۔