بھارت کا انتہاء پسندانہ چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کیاجائے‘ڈاکٹرراغب نعیمی

پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،بھارتی جارحیت کابھرپورجواب دیا جائیگا‘ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

جمعہ 22 فروری 2019 18:22

بھارت کا انتہاء پسندانہ چہرہ دنیا بھر میں بے نقاب کیاجائے‘ڈاکٹرراغب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ بھارت کا انتہاء پسندانہ چہرہ دنیا بھر میںبے نقاب کیاجائے،پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،بھارتی جارحیت کابھرپورجواب دیا جائیگا۔جنگیں مسائل کاحل نہیں ہیںمسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو بات چیت اور سفارتکاری سے حل کیاجاناچاہیے۔

پاکستانی قوم پاک افواج کی پشت پر ہے اور دشمن کی کسی بھی غلطی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ہندوستانی جارحیت کا جواب دینے کیلئے پوری قوم متحد ہے۔مودی سن لو !پوری پاکستانی قوم شہادت کی منتظرہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز’’اسلام کافلسفہ جہاد اورعصرحاضر کے جنگی تقاضے ‘‘کے موضوع پر جمعة المبارک کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم سے نظریں نہیں چرا سکتی۔پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ مداخلت کرے، خطے میں جنگ کے منڈلاتے خطرات کم کئے جائیں۔بھارت جنگ کے نتائج سے باخبر رہے، بہادر پاکستانی افواج بھارت کو بھرپور جواب دیں گی، بھارت کا جنگی جنون اس کو کوئی فائدہ نہ دے گا۔بھارت اپنی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو نہیں ٹھہرا سکتا۔

مودی سن لو ! تم جس قوم کو ڈرانا چاہتے ہووہ تو شہادت کے منتظر ہے ۔مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑتوڑ کربھارت بربریت کی تمام حدیں عبور کررہا ہے۔مودی کی گیڈر بھگیاں کشمیریوں کو اپنی منزل سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی ہیں،بھارتی جارحیت کا منہ توڑجواب دیا جائیگا۔بھارت کی حکمران جماعت اور بعض انتہا پسند ہندو گروپس پاکستان اور کشمیر مخالف جذبات بھڑکا کر جنگ اور کشیدگی کا ماحول پیدا کرنے میںمصروف ہیں۔ بھارتی حکمرانوں اور انتہا پسند عناصر کی یہ منفی کوششیں دونوں ملکوں کو جنگ کی طرف دھکیل رہی ہیں۔