افواجِ پاکستان کو بہترین حکمت عملی سے پاکستان کے دشمنوں کو جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سید مصطفی کمال

جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بھارت کو مذاکرات کی میز پر آ جانا چاہیے، پاکستان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکا، چیئرمین پاک سر زمین پارٹی

جمعرات 28 فروری 2019 22:09

افواجِ پاکستان کو بہترین حکمت عملی سے پاکستان کے دشمنوں کو جواب دینے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2019ء) افواج پاکستان کو بہترین حکمت عملی سے پاکستان کے دشمنوں کو جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک کی خاطر لڑنے کے لیے بھی تیار ہیں لیکن جنگ مسائل کا حل نہیں، بھارت کو بھی منہ کی کھانے کے بعد اس بات کا ادراک ہو گیا ہے کہ وہ پاک فوج کے ہوتے ہوئے پاکستان کو ذرہ برابر بھی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

اس لیے دونوں ممالک کو تمام تر توجہ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے اور خطے میں دہشتگردی پر قابو پانے پر مبذول کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے مرکزی شعبہ جات کے زمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 3 مارچ 2016 کو کامیابیوں پر یوم تشکر منائیں گے۔

(جاری ہے)

ہم نے آکر راء کے خلاف علم جہاد بلند کردیا تھا اور اندرونی محاذ پر آج تک ہم بھارت سے لڑ رہے ہیں، ہمارے پاس ایک بھی نشست نہیں لیکن پھر بھی ہمارے کارکنان کو شہید کیا جا رہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم اور ہمارا نظریہ کامیاب ہو گیا ہے اور راء کراچی میں بھی ہار چکی ہے۔

ہمارے آنے سے پہلے کراچی لسانیت، مسلک اور جھنڈوں کی بنیاد پر بٹا ہوا تھا، اگر ایم کیو ایم کا جھنڈا ہو تو علاقہ مہاجروں کا، اے این پی کا ہو تو پشتون، پیپلز پارٹی کا ہو تو سندھیوں کا ہوتا تھا اور اس جھنڈے کی وجہ سے لوگ مرتے تھے۔ اسی لیے پاکستان کا پرچم اٹھایا جو واحد پرچم تھا جس کے نیچے سب متحد ہو سکتے تھے اور لوگوں میں جھنڈوں کی بنیاد پر انتشار ختم ہوگیا۔ اسی طرح تمام مسلک کے علماء کرام سے ملے اور انکی مدد سے لوگوں کو امن کی دعوت دی جسے لوگوں نے قبول کیا۔ قانون نافذ کرنے والے 3 دیہائیوں سے دہشتگرد عناصر سے بخوبی لڑ رہے تھے لیکن ہم نے اس منفی سوچ کا خاتمہ کیا جس کے ذریعے نوجوانوں کو بھٹکا کر غلط راہ پر گامزن کیا جا رہا تھا۔