جماعت اسلامی اسلامی نظام کے نفاذکیلئے جدوجہد کر رہی ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

عوام کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ؐ کا نفاذ اور دیانتدار قیادت کے برسراقتدار آنے میں مضمر ہے،جماعت اسلامی کے صوبائی امیر

پیر 11 مارچ 2019 21:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے را بطہ عوام مہم کے بہت اچھے دورس نتائج نکل رہے ہیں جماعت اسلامی کی تمام سرگرمیاں جماعت اسلامی کے سلوگن ،پرچم اورنام سے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی جارہیں ۔ جماعت اسلامی اسلامی نظام کے نفاذکیلئے جدوجہد کر رہی ہے عوام کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ؐ کا نفاذ اور دیانتدار قیادت کے برسراقتدار آنے میں مضمر ہے ۔

فرسودہ نظام وکرپٹ قیادت نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے، عوام غربت وافلاس ومہنگائی کے طوفان کی وجہ سے دو وقت کی روٹی کیلئے بھی سخت پریشان ہیں، سا لمیت پاکستان سمیت تمام مسائل کا واحد حل رجوع الی اللہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ رابطہ عوام مہم کا مقصد جماعت اسلامی کے منشور اور پیغام کو عامتہ الناس تک پہنچانا او رعوام کو اس بات کیلئے تیار کرنا کہ لوگوں کے مسائل کا حل پارٹیوں یا شخصیات کی بجائے ایک عادلانہ اور منصفانہ نظام کے ذریعے ہی ممکن ہے جو صر ف اور صرف اسلام کے نظام ہی سے ممکن ہے جس کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام اورقرآن و سنت کے نظام سے روگردانی اور مغرب کی نقالی نے وطن عزیز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، سودی نظام معیشت، فحاشی وعریانی کا سیلاب، مادر پدر آزادی کے نام پر بے راہ روی جس کی وجہ سے خوشحالی کی بجائے بدحالی کا دورہ دورہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام وپاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم وملزوم ہیں کیونکہ پاکستان مدینہ شریف کے بعد پہلی اسلامی ریاست ہے جوکہ ایک نظریہ اورکلمہ طیبہ لاالہ الا اللہ کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا ۔

امت مسلمہ کو اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے زندگی کے ہر دائرے میں اسلام کو نافذ کرنا ہوگا۔ قوم نے سترسال سے ہرنظام اورقیادت کو آزمایا ہے مگر مسائل حل ہونے کی بجائے ان میںاضافہ ہوا اور ترقی کی بجائے تنزلی اور قوم قرضوں میں ڈوبتی جا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی کے تمام شہریوں ،قبائلی عمائدین ،علمائے کرام اور نوجوانوں کو دکو دعوت دیتی ہے کہ وہ دین کی طرف لوٹیں اور اس عوامی رابطہ مہم میں جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں اور اسلامی پاکستان اور خوشحال بلوچستان بنا نے میں اپنا موثر کردارادا کریں ۔