Live Updates

سینیٹر سراج الحق کا عمران خان ،اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کے نام خط

مقبوضہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی پر عائد ناروا اور غیر قانونی پابندی ختم کرانے کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کریں ‘مطالبہ

جمعہ 15 مارچ 2019 19:16

سینیٹر سراج الحق کا عمران خان ،اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کے نام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیراعظم پاکستان عمران خان ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیر س اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ خط میں اپیل کی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی پر عائد ناروا اور غیر قانونی پابندی ختم کرانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کریں ۔

سینیٹر سراج الحق نے اپنے خط میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی اور اس کے ہزاروں کارکن تعلیمی و سماجی خدمات کا طویل ریکارڈ رکھتے ہیں۔بھارتی حکومت کو کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور جماعت اسلامی کے کارکنان سے ان کا بنیادی حق چھین لے ۔ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہر شخص کا بنیادی حق ہے ، متعدد بین الاقوامی قوانین ہر فرد کے اس بنیادی جمہوری حق کو تسلیم کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

1948 ء کا انسانی حقوق ڈکلریشن اور 1966 ء کا سماجی و سیاسی حقوق اعلامیہ ہر فرد کا یہ حق تسلیم کرتے ہیں کہ وہ بھر پور طریقے سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے، جماعت اسلامی پر پابندی لگا کر ان عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی کی گئی اور جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کر لیا گیاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے خط میں کہاہے کہ بھارتی حکومت کی ظالمانہ اور متعصبانہ پالیسیوں کے سبب مقبوضہ کشمیر جہنم زار بن چکاہے ۔

کشمیری حق استصواب رائے چاہتے ہیں ، ان کی آواز دبانے کے لیے فوج اور دیگر پیراملٹری فورسز مسلسل استعمال کی جارہی ہیں ۔ بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مقبوضہ جموںو کشمیر میں استصواب رائے کرانے کا پابند ہے جس سے وہ مسلسل روگردانی کر رہاہے اور اپنا حق مانگنے والے کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتار رہاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے بنیادی حقوق تسلیم کرے ، انہیں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دے اور ان کے استصواب رائے کے بنیادی مطالبے پر عملدرآمد کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ،پاکستان کے وزیراعظم اور انسانی حقوق کی عالمگیر تنظیمیں اپنا کردارا ادا کریں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات