نو منتخب ضلعی باڈی کی تشکیل کے بعد ڈویژن بھر میں مسلم کانفرنس ایک بڑی سیاسی طاقت بن کر سامنے آئے گی‘وحید مغل

منگل 19 مارچ 2019 12:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کی مجلس عاملہ کے رکن وحید مغل نے کہا ہیکہ نو منتخب ضلعی باڈی کی تشکیل کے بعد ڈویژن بھر میں مسلم کانفرنس ایک بڑی سیاسی طاقت بن کر سامنے آئے گی، غیر ریاستی جماعتیں مسلم کانفرنس کی افادیت کو پس پشت نہیں ڈال سکتیں ، مسلم کانفرنس ریاستی جماعت ہے اور اس کے کچھ مسافر ابھی دلکشی کے لئے دوسری گاڑیوں کا سفر کررہے ہیں جب بھی وہ واپس جماعت میں آئیں ان کے لئے صدر جماعت سردار عتیق احمد خان اور کارکنوں کے دل کے دروازے کھلے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیریوں کے حقوق کی ضامن ہے غیر ریاستی جماعتوں کا سفر کرنے والے آج کارکنوں سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں جماعتیں کارکنوں سے ہوتی ہیں اور کارکن جماعت کا اثاثہ ہوتے ہیں جب کارکنوں کو ہی عزت یا اہمیت نہ دی جائے تو پھر کوئی بھی جماعت مستحکم نہیں رہ سکتی ، مسلم کانفرنس وہ واحد جماعت ہے جہاں ہر کارکن با اختیار ہے اورپارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے مابین ایک ایسا رشتہ ہے جس میں کوئی بڑا چھوٹا نہیں ، صدر جماعت سردار عتیق احمد خان نے ضلع مظفرآباد کی تنظیم سازی میرٹ پر کرتے ہوئے کارکنوں کے دل جیت لئے ، اور جلد ایک عالی شان ورکر کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں تمام اضلاع کے کارکن شرکت کریں گے اور یہ پاور شو 10 اضلاع میںسلسلہ وار کیا جائے گا ورکر کنونشن سے مسلم کانفرنس ایک بار پھر ریاست کی بڑی سیاسی جماعت ثابت ہو گی ۔