ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے متعلق قوم جلد خوشخبری سنے گی

خاموش رہنے سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی سے متعلق فائدہ ہو سکتا ہے۔ وزیرمملکت علی محمد خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 مارچ 2019 13:37

ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے متعلق قوم جلد خوشخبری سنے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مارچ 2019ء) : وزیرمملکت علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق قوم جلد خوشخبری سنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ انتہائی حساس ہے اس پر خاموش رہنے سے ان کی رہائی سے متعلق فائدہ ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے ان کے خاندان اور دیگر افراد جو افواہیں پھیلا رہے ہیں ان سے گریز کریں۔

دعا ہے ہم اپنے کام میں کامیاب ہو جائیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان نے مزید کہا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن حکومت نواز شریف کی صحت کے حوالے سے سنجیدہ ہے، نواز شریف جہاں چاہیں علاج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ میں دہشتگردی پر حکومت کا موقف واضح ہے، دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ہمارا امریکہ اور مغربی ممالک سے مطالبہ ہے کہ واقعہ کی پُر زور مذمت کریں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ قبل ازیں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے منسوب کرنے کی قرارداد جمع کروائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 8 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے صبرو استقلال اور عظمت کو سلام کرتے ہوئے انہی کے نام سے منسوب کیا جائے اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی جائے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں کردار ادا کرے۔

جبکہ گذشتہ ہفتے پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کہا تھا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے عافیہ صدیقی کی رہائی پر بات کرنے اور اس سے متعلق افواہیں پھیلانے والوں کو کہا تھا کہ جو لوگ اپنی بیٹی کی بھلائی چاہتے ہیں ان سے گزارش ہے کہ حساس معلومات پر خاموش رہیں۔

اللہ کرے کہ ہم عافیہ صدیقی کو رہا کروانے میں کامیاب ہو جائیں۔ جبکہ گذشتہ روز امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو دختر پاکستان کا خطاب دینے کے مطالبے کی پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی گئی تھی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے سفارتی سطح پربھرپور اقدامات کئے جائیں۔ پنجاب اسمبلی میں یہ قرارداد پی ٹی آئی رکن اسمبلی سیمابیہ طاہرکی جانب سےجمع کروائی گئی۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 2010ء میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پرحملہ کرنے کے الزام میں 86 سال قید کی سزاسنائی تھی، جس کے بعد سے اب تک وہ ٹیکساس کی جیل میں قید ہیں۔