Live Updates

عمران خان پر بغاوت کا مقدمہ درج ہونا چاہیے، سعید غنی

عمران خان نے سول نافرمانی کی ، لوگوں کوبجلی گیس کے بل جمع نہ کروانے کا کہا، کارکنان کی گرفتاریوں پر آئی جی اسلام آبادکو پھانسی دینے کا بیان دیا، حیرت ہے پی ٹی آئی قانون ہاتھ میں لینے کی بات کررہی۔پی پی کارکنان پرتشدد اور گرفتاریوں پر تبصرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 مارچ 2019 20:29

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ 2019ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان پر بغاوت کا مقدمہ درج ہونا چاہیے، عمران خان نے سول نافرمانی کی ،لوگوں کوبجلی گیس کے بل جمع نہ کروانے کا کہا،کارکنان کی گرفتاریوں پر آئی جی اسلام آبادکو پھانسی دینے کا بیان دیا،حیرت ہے پی ٹی آئی قانون ہاتھ میں لینے کی بات کررہی۔

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آئی کہ حکومت راستے کیوں بند کیے؟ لوگوں کو روکنے کی کوشش کی گئی کہ وہ احتجاج میں شریک نہ ہوسکیں۔پیپلزپارٹی کے ورکرز اپنے لیڈر سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے تھے۔پیپلزپارٹی کی تاریخ ہے کہ کبھی ہلڑبازی یا کوئی ایسا کام نہیں کیا۔کل ہمارے متعدد کارکنان کو گرفتار کیا گیا لیکن ہم وہاں کھڑے رہے۔

(جاری ہے)

مجھے حیرت ہے کہ حکومت نے یہ سب کیوں کیا؟ ان کے ذہن شاید یہ ہو کہ پی پی کارکنان آئیں گے نہیں، ان کے ذہنوں میں بات گھسی ہوئی ہے کہ پی پی ختم ہوگئی ہے۔جب کارکنان وہاں آگئے توحکومت نے بلاجواز روکااور لاٹھی چارج کیا۔ابھی توآغاز ہوا ہے۔ کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کوبلایا گیا۔ لیکن کیا ہوجاتا اگر چند سو لوگ احتجاج کرلیتے۔سعید غنی نے کہا کہ یہ بات طے ہے کہ اگر ہماری لیڈرشپ کے خلاف کچھ غیرقانونی یا کچھ غلط کیا گیا توہم اپنی سیاسی طاقت کامظاہرہ کریں گے۔

ہم چپ کرکے نہیں بیٹھیں گے۔کیونکہ اس وقت جو بھی کاروائی ہورہی ہے وہ سیاسی انتقام ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ یہ سب ہونے کی بنیادی وجہ ہے کہ بلاول بھٹو حکومت کو چیلنج کررہے ہیں اور حکومتی نااہلیاں سامنے لیکر آرہے ہیں اور حکومتی وزراء کے ساتھ دہشتگرد تنظیموں کا گٹھ جوڑ ہے اس پربلاول بات کررہے ہیں اس پر حکومت اپ سیٹ ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے اگر پی ٹی آئی کہے کہ ہم کسی کوقانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔

یہ وہ جماعت ہے جس نے سول نافرمانی کی بات کی تھی، عمران خان نے لوگوں کو بجلی اور گیس کے بل جمع نہ کروانے کی بات کی تھی،عمران خان نے جو کچھ کہا اس پر بغاوت کا مقدمہ بنتا ہے۔عمران خان نے خود کہا تھاکہ اگر میرے اسلا م آباد پولیس نے میرے کارکنان کے ساتھ کچھ کیا توآئی جی کو پھانسی دوں گا۔پھر عمران خان نے خود دباؤ ڈال کراپنے کارکنان کو چھڑوایا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات