گورنر سندھ، وزیر اعلی، میئر کراچی کی مزار قائد پر حاضری

یوم پاکستان پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پر وقارتقریب کا انعقاد ہمارے پڑوسی ملک نے ہمیں للکارا ہے جس پر قوم اور افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے،مراد علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 23 مارچ 2019 17:34

گورنر سندھ، وزیر اعلی، میئر کراچی کی مزار قائد پر حاضری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) یوم پاکستان 23 مارچ کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول بھی چڑھائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ ، آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام اور صوبائی کابینہ کے ارکان بھی تھے۔وزیراعلی سندھ نے یاداشت کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلی سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج ہم 79 ویں یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 2019 مشکل ترین سال ہے کیوں کہ ہمارے پڑوسی ملک نے ہمیں للکارا ہے جسکا ہماری قوم اور افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ ہمیں اپنے ہیروز کو یاد رکھنا چاہیے، شہید بھٹو نے اس قوم کو ائٹمی قوت سے نوازا ہے اورشہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دی جنھیں آج ہمیں یاد رکھنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ شہر کی خوشیاں جن کو پسند نہیں وہ کراچی میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں، جو تقریر باہر سے بیٹھ کر ہوئیں، ہمارے اداروں اور افواج پاکستان کے خلاف تقریریں ہوئیں، میں سمجھتا ہوں یہ اسی کا نتیجہ ہے۔