آج کا دن علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر کا دن ہے ، شہباز شریف

قیام پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونے والے ہمارے اصل ہیروز ہیں، یوم پاکستان پر پیغام

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:06

آج کا دن علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر کا دن ہے ، شہباز شریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کا دن علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان برصغیر نے اپنی آزادی کی تحریک کو منزل کا نشان قرار دیا تھا۔ یوم پاکستان کے موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ آج کے دن ہم بانیان پاکستان، مشاہیر اورکارکنان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونے والے ہمارے اصل ہیروز ہیں۔انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے ارض پاک اور ہمارے کل کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آج ان کے مشن کی تکمیل کے لیے اسی جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ آج کا دن تقاضا کرتا ہے کہ ہم فروعی تنازعات سے اوپر اٹھ کر پاکستان کے مشن پر توجہ مرکوز کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کے دفاع، سلامتی اور ترقی کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔پی ایم ایل (ن) کے صدر نے اپنے بڑے بھائی کے حوالے سے کہا کہ میاں نوازشریف نے پاکستان کو قائد اعظم کا روشن پاکستان بنانے کے لیے کام کیا۔ ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حکومت کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردی اور اندھیروں سے نجات دلائی، انفرااسٹرکچر کو ترقی دی، شاہراہوں کے ذریعے وفاق اور اکائیوں کو ملا کر ترقی دی اور زیادہ وسائل دے کر وفاق کو مظبوط بنایا۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی قوت بنانا اس وقت سب سے اہم تقاضا اور چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیی! آج کے دن پاکستان کو عظیم فلاحی اسلامی مملکت بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کریں۔ پورا پاکستان متحد ہے اورانشا اللہ اتحاد کی اسی قوت سے دشمن کی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) بانیان پاکستان کے عہد کی پاسدار اور عظیم نصب العین کی تکمیل کا جذبہ رکھتی ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان تعلیم و تربیت سے اپنی صلاحیتیں نکھار کر پاکستان کی خدمت کے لیے خود کو تیار کریں۔