Live Updates

سندھ سے لاپتہ دو ہندو بہنوں کی عدالت میں تحفظ کی درخواست، ایک شخص گرفتار

ہندو نے 22مارچ کو میڈیا کے سامنے آ کر اپنی شادی اور اسلام قبول کرنے کا اعتراف کر لیا تھا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 24 مارچ 2019 14:07

سندھ سے لاپتہ دو ہندو بہنوں کی عدالت میں تحفظ کی درخواست، ایک شخص گرفتار
بہاولپور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ2019ء) سندھ کے شہر ڈہرکی سے لاپتہ ہونے والی دونوں ہندو بہنوں نے بہاولپور کی عدالت میں تحفظ کی درخواست دائر کر دی ہے۔ دونوں لڑکیوں کے بارے میں ان کے والدین نے درخواست دی تھی کہ دونوں لڑکیوں کو اغوا کر کے لے جایا گیا ہے اور انہیں بازیاب کروایا جائے۔ علاقہ پولیس نے بتایا تھا کہ 22مارچ کو لڑکیوں نے خود منظرعام پڑ آ کر اسلام قبول کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

لیکن لڑکیوں کے والدین کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کو اغوا کیا گیا ہے اور پولیس ان کی دادرسی نہیں کر رہی جس پر وزیراعظم عمران خان نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کو ہدایت کی تھی کہ دونوں لڑکیوں کو بازیاب کروایا جائے اور اس کے لیے دونوں صوبوں کی انتظامیہ مل کر حکمت عملی ترتیب دے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت جاری کی تھی کہ اطلاعات کے مطابق دونوں لڑکیاں رحیم یار خان میں منتقل کر دی گئی ہیں اس حوالے سے تحقیقات کی جائیں اور انہیں بازیاب کروایا جائے۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی ٹویٹ کی تھی کہ ہندو لڑکیوں کے اغوا کے حوالے سے پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر سے رپورٹ طلب کی ہے جس پر پاکستانی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےانہیں جواب دیا تھا کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے اس لیے آپ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق پر دھیان دیں ہمیں اپنی اقلیتوں سے بھی اتنا ہی پیار ہے جتنا مسلمانوں سے ہے۔ اب یہ معاملہ حل ہوتا دکھائی دے رہا ہے کیونکہ دونوں لاپتہ بہنوں نے بہاولپور کی عدالت میں تحفظ کی درخواست دی ہے کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔ خان پور میں ایک شخس کو پولیس نے حراست میں بھی لیا ہے جس کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے لڑکیوں کے نکاح میں معاونت کی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات