Live Updates

عدالتوں کے فیصلوں کا ہمیشہ احترام کیا ، اللہ کا بڑا کرم ہے نوازشریف کی ضمانت ہوئی ‘شہباز شریف

میاں صاحب گھر پہنچیں گے تو علاج بارے مشاورت کی جائیگی ‘دعا کریں کہ اللہ تعالی نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے تمام اہل وطن، دوست احباب ،پارٹی کارکنان کا شکریہ ان کی دعائوں کے طفیل ممکن ہوا‘گفتگو /حمزہ شہباز ،مریم نواز بھی اللہ کے شکر گزار

منگل 26 مارچ 2019 17:03

عدالتوں کے فیصلوں کا ہمیشہ احترام کیا ، اللہ کا بڑا کرم ہے نوازشریف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے عدالتوں کے فیصلوں کا ہمیشہ احترام کیا ہے ،محمد نواز شریف کی ضمانت پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر اپنی رحمتوں اور مہربانی سے سرفراز فرمایا ہے، میاں صاحب گھر پہنچیں گے تو علاج بارے مشاورت کی جائیگی ۔

سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی ضمانت منظوری کے فیصلے کے بعد کوٹ لکھپت جیل آمد پر شہباز شریف نے میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو دل کی گہرایوں سے سرہاتے ہیں۔(ن) لیگ نے عدالت کے فیصلوں کاہمیشہ احترام کیا۔

(جاری ہے)

جب صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آج مسلم لیگ (ن) کیلئے 2 اچھی خبریں ہیں جن میں ایک نواز شریف کی ضمانت ہے اور دوسری آپ کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنا ۔

جس پر شہباز شریف نے کہا کہ آج کی بڑی خبر نواز شریف کی ضمانت ہے۔علاج سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میاں صاحب گھر آئیں گے توان کے علاج پر مشاورت کریں گے ،میاں صاحب کی رہائی پر مبارکبادپیش کرتاہوں۔شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محمد نواز شریف کی ضمانت پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر اپنی رحمتوں اور مہربانی سے سرفراز فرمایا ہے،معزز عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے اور نواز شریف صاحب کی بیماری سے متعلق میڈیکل رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے ضمانت کی درخواست منظور کی گئی،تمام اہل وطن، دوست احباب اور پارٹی کارکنان سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ان کی دعائوں کے طفیل ہی یہ ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت اور علاج معالجہ اولین ترجیح ہے،ہماری توجہ کا محور و مرکز محمد نواز شریف کی صحت اور تندرستی ہے،دعا کریں کہ اللہ تعالی محمد نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف کی ضمانت پر اظہارِ تشکر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے، دعا ہے کہ اللہ نواز شریف کو اچھی صحت عطا فرمائے۔قبل ازیں نواز شریف کو سپریم کورٹ سے 6 ہفتوں کی ضمانت ملنے کے بعد انکی مریم نواز نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرکے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات