Live Updates

سابق وزیراعظم نواز شریف کی جاتی امرا میں اپنی لیگل ٹیم سے ملاقاتیں

پارٹی قائد کی زیر صدارت جاتی امرا میں اجلاس بھی منعقد کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 مارچ 2019 11:14

سابق وزیراعظم نواز شریف کی جاتی امرا میں اپنی لیگل ٹیم سے ملاقاتیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 مارچ 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف نے کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد جزوی طور پر سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں شہباز شریف ،اعظم نذیر تارڑ، عطا اﷲ تارڑ اور ن لیگ کے دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریف خاندان پر بنے مقدمات کے حوالے سے قانونی پہلوؤں پر گفتگو کی گئی ۔

سینیٹر آصف کرمانی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، دانیال عزیز،عباس آفریدی، ڈاکٹر عدنان خان جاتی امرا پہنچے اور نوازشریف سے ملاقاتیں کیں۔ شہباز شریف اور مریم نواز بھی موجود رہے لیکن ملاقاتوں کا عمل محدود رکھا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف نے اپنی لیگل ٹیم سے بھی ملاقات کی جس میں شریف خاندان کے خلاف درج مقدمات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن جلد ہی مستقبل کے لیے اپنی حکمت عملی ترتیب دے گی۔ دوسری جانب آج سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کے لیے شریف میڈیکل سٹی منتقل کیا جائے گا۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا آج کارڈیالوجسٹ اور دیگر ماہرین نواز شریف کا معائنہ کریں گے ۔ معائنے کے بعد علم ہو گا کہ 6 ہفتوں میں علاج مکمل ہوسکے گا یا نہیں۔

یاد رہے کہ منگل کے روز سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پرضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت کی ساعت کی۔ نواز شریف کو طبی بنیادوں پر درخواست کی سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے ضمانت کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ منگل کو سنا دیا گیا ۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔عدالت نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست منظور کی اور نواز شریف کی 6 ہفتے کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 6 ہفتوں کے لیے سزا معطل کر دی۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے 8 ہفتوں کے لیے ضمانت کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے 6 ہفتوں کے لیے ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے نواز شریف کو 50,50لاکھ کے د و مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ نواز شریف پاکستان میں اپنی پسند کے ڈاکٹر سے علاج کروا سکیں گے۔ 6 ہفتوں بعد نواز شریف کو دوبارہ جیل جانا ہو گا۔ جس کے بعد منگل کی شب ہی نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے رہاہو کر جاتی امرا اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات