Live Updates

قائد اعظم کے بیٹے عمران خان نےکراچی کا دل جیت لیا، عامر لیاقت

تم سب سے الگ ہو میرے کپتان، قائد اعظم کے بیٹے عمران خان نے اپنے کرداراور خندہ پیشانی سے کراچی میں سب کا دل جیت لیا۔ رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 30 مارچ 2019 20:07

قائد اعظم کے بیٹے عمران خان نےکراچی کا دل جیت لیا، عامر لیاقت
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مارچ 2019ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عامر لیاقت حسین نے کہا کہ قائد اعظم کے بیٹے عمران خان نے اپنے کردارسے کراچی میں سب کا دل جیت لیا، تم سب سے الگ ہو میرے کپتان۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے موقع پر کراچی پیکج کے اعلان کو سراہتے ہوئے اظہار مسرت کیا ہے۔ عامر لیاقت حیسن نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ آیا، اس نے دیکھا، اور فتح کرلیا، کبھی ہوگی سکندر اعظم کے لیے یہ کہاوت، لیکن قائد اعظم کے بیٹے عمران خان نے اپنے کردار اور خندہ پیشانی سے کراچی میں اپنی مصروفیات کے دوران سب کا دل جیت لیا۔

تم سب سے الگ ہو میرے کپتان۔
دوسری جانب ٹویٹر صارفین نے عامر لیاقت کو اس ٹویٹ پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے، صارفین نے قائد اعظم کا بیٹا کہنے پر عامر لیاقت پر طنزیہ انداز میں بھی تنقید کی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے دورہ کراچی میں کہا کہ کراچی کی ترقی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ہم نے کراچی کیلئے 162ارب کا خصوصی پیکیج تیار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عملدرآمد کا وقت آگیا ہے، کراچی پیکیج کے تحت 18 منصوبوں پر کام کیا جائے گا، کراچی میں ٹرانسپورٹ کا بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے لیے 10 منصوبے شروع کریں گے۔ کراچی میں سیوریج کا مسئلہ بھی سنگین ہے، سیوریج کی7منصوبے شروع کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے لیے اپنے وعدے نہیں بھول سکتے، معاشی اعتبارسے یہ پاکستان کیلئے سب سے برا وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کی اصل ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے،افسوس ہے اندرون سندھ سے جیت کرکراچی کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ عمران خان نے کہا کراچی میں پانی بچانے کیلئے مہم شروع کرنی پڑیگی، پانی بچانے کی مہم کیلئے تیاری کی جائے، فوری طور پر ہم جو کرسکتے ہیں وہ پانی بچانے کے لیے مہم ہے۔انہوں نے کہاکہ طیارے سے دیکھیں توکراچی کنکریٹ کا ڈھیر لگتا ہے ، شہر جتنا پھیلتا ہے اس میں سہولتیں دینا اتنا مشکل ہوتا ہے، ہمارے لیے بہت زیادہ ضروری ہے کہ ماسٹرپلان شروع کریں۔وزیراعظم نے کہا کراچی کا پھیلاؤ رکے گا توپھراس میں ترقی شروع ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات