Live Updates

بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں کا حکومت کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار

پاکستان ایک پرامن ملک ہونے کے ساتھ مہمان نوازی میں اپنی مثال آپ ہے‘ کرتارپور راہداری منصوبہ پر عمل درآمد کرنے پر ہم وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں‘ عمران خان نے دنیا بھر کے سکھ کمیونٹی کو اپنا مداح بنا لیا ہے سکھ مذہب کے روایتی تہوار بیساکھی میلہ اورخالصہ جنم دن کی 321ویں تقریب میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کی اے پی پی سے گفتگو

اتوار 14 اپریل 2019 18:55

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2019ء) سکھ مذہب کے روایتی تہوار بیساکھی میلہ اورخالصہ جنم دن کی 321ویں تقریب میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے حکومت کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہونے کے ساتھ مہمان نوازی میں اپنی مثال آپ ہے۔اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے میلہ میں شریک کینیڈا سے آئے سکھ یاتری سردار جنرل سنگھ نے کہا کہ خطے کی ترقی کے لئے پاکستان ،ایران، بھارت اور بنگلہ دیش کوملکر فری ٹریڈ منصوبہ متعارف کرانا چاہیے کیونکہ خطے کی ترقی کا راز پڑوسی ممالک کی آپس میں معاونت میں چھپا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جس دور میں ہم داخل ہو چکے ہیں یہ نفرتوں، انتشار، منفی سوچ اور انتہا پسندی کو قبول نہیں کرتا اگر آپ اپنے آپکو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تو پہلے معیشت کو مضبوط کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپ امریکہ اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک فری ٹریڈ شروع کرکے اپنی معیشت کو نمایاں طورپر مضبوط کرچکے ہیں۔اس موقع پر کینیڈا سے آئی خاتون یاتری نے رویندرکور نے کہا کہ ہم اپنی مذہبی رسومات احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں اور حکومت پاکستان کی طرف سے کیئے جانے والے انتظامات پر تہہ دل سے مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں آنے والے وقتوں میں مزید سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر بھارت کے شہر ہوشیار پور سے آئے سکھ یاتری سکھ دیو سنگھ نے کہا کہ کرتارپور راہداری منصوبہ پر عمل درآمد کرنے پر ہم وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں انہوں نے جواں مردی اور دلیری سے سکھوں کے لئے عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اس فیصلے سے دنیا بھر میں سکھ کمیونٹی کو اپنا مداح بنا لیا ہے۔بھارت کے شہر چندی گڑھ سے آئے سکھ یاتری شرن جیت سنگھ نے کہا کہ ہمارے لئے حسن ابدال پنجہ صاحب میں مثالی اقدامات کئے گئے ہیں اور پاکستانی عوام ملنسار ہونے کے ساتھ بہت مہمان نواز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے کھانے بڑے مزیدار ہیں اور میں یہاں کے کھانوں سے بھرپورلطف اندوز ہورہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور نوجوت سنگھ سدھو کی دوستی سے سکھ برادری کی فلاح کے لئے پاکستان میں بڑے پیمانے پر کام ہوئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات