اسلام آباد ہائی کورٹ فریال تالپور اور مفتاح اسماعیل کی ضمانتیں منظور کرلیں

نیب نے دونوں کو منی لانڈرنگ اور کرپشن کیسوں میں طلب کررکھا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اپریل 2019 15:08

اسلام آباد ہائی کورٹ فریال تالپور اور مفتاح اسماعیل کی ضمانتیں منظور ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 اپریل۔2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مختلف مقدمات میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سمن جاری کیے جانے پر سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی عبوری ضمانتیں منظور کرلی ہیں. خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے زرداری گروپ اور بحریہ ٹاﺅن کے مشترکہ منصوبے میں رشوت لینے کے الزامات کے تحت تفتیش کے سلسلے میں فریال تالپور کو سمن جاری کر رکھا ہے.

(جاری ہے)

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی ڈویژن بینچ نے فریال تالپور کو 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 29 اپریل تک عبوری ضمانت دیتے ہوئے ان کی درخواست کو جعلی اکاﺅنٹ کیس میں انہی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی زیر التوا درخواست کے ساتھ منسلک کردیا‘فریال تالپور نے اپنی درخواست میں عدالت کو بتایا تھا کہ یہ معاملہ 2 کمپنیوں کے درمیان شراکت داری سے متعلق ہے اور اس کا جعلی اکاﺅنٹ کیس سے کوئی تعلق نہیں.

نیب نے انہیں بیان ریکارڈ کروانے کے لیے سمن جاری کررکھا ہے اور ان پر 1.2 ارب روپے کی رشوت لینے کا الزام ہے. علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی 5 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض 7 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی. مفتاح اسماعیل کے خلاف نیب میں ایل این جی منصوبے کے حوالے سے تفتیش جاری ہے انہوں نے اپنی درخواست میں کہا کہ معاہدے میں ان کا کوئی کردار نہیں اور انہوں نے اس معاملے میں رشوت نہیں لی‘انہوں نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ نیب نے یکم جنوری 2019 کو انہیں طلبی کا نوٹس بھیجا تھا اور وہ اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے اس وقت تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوچکے ہیں .

انہوں نے کہا کہ نیب نے انہیں دوبارہ سمن جاری کیے ہیں جبکہ درخواست گزار نے سندھ ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کی تھی جو 18 اپریل کو ختم ہورہی ہے‘اپنی درخواست میں سابق وزیر خزانہ نے الزام لگایا کہ نیب کا عمل انتقامی مہم کا حصہ معلوم ہوتا ہے جس کی وجہ سے ملک کے پیشہ وارانہ دانشوروں کے درمیان خوف کی فضا پائی جاتی ہے جبکہ ملک کی بیوروکریسی خوف کاشکار ہے.

واضح رہے کہ نیب سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی اسکینڈل کی تحقیقات کررہا ہے اور اس میں سابق وزیر اعظم نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں. سابق وزیر اعظم کے خلاف اس اسکینڈل کی انکوائری کی منظوری 6 جون 2018 میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے دی تھی، نیب کے مطابق سابق وزیر اعظم پر اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے خلاف من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کا الزام ہے اور اسی سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں.