22کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ،بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا‘سراج الحق

. وفاقی حکومت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق صوبوں سے بڑھ کر دے ،عالمی استعمار اسلامی تحریکوں کو اپنے لیے چیلنج سمجھتا ہے اسلامی تحریکیں پر امن تبدیلی اور رائے عامہ کو منظم کر کے حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہیں‘امیر جماعت اسلامی

منگل 16 اپریل 2019 20:32

22کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ،بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2019ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 22کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ،بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا،اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق دلوا نے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ،ہندوستان کشمیر میں شکست کھا چکا ہے ،نریند ر مودی کی انتہا پسندی کی وجہ سے ہندوستان کے ایک نہیں کئی ٹکڑے ہوں گے ،وفاقی حکومت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق صوبوں سے بڑھ کر دے ،عالمی استعمار اسلامی تحریکوں کو اپنے لیے چیلنج سمجھتا ہے اسلامی تحریکیں پر امن تبدیلی اور رائے عامہ کو منظم کر کے حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہیں، دنیا میںبد امنی کی بڑی وجہ سپر طاقتوں کی جارحانہ اور انتہا پسندانہ پالیسیاں ہیں اسلام امن اور بھائی چارے کا دین ہے، پاکستان اور آزادکشمیر کے تمام مسائل کا واحد حل اللہ کے دئیے ہوئے نظام کے نفاذ میں ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر راجہ جہانگیر خان کی قیادت میںملنے والے وفدسے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفدمیںسیکرٹری جنرل راجہ فاضل تبسم،ڈپٹی سیکرٹری جنرل آفتاب عالم ایڈووکیٹ،سیکرٹری اطلاعات راجہ ذاکر خان شامل تھے ۔جماعت اسلامی کشمیر کے وفد نے سینیٹر سراج الحق کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے کشمیری تقسیم برصغیر کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کی جدوجہد کررہے ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے کشمیریوں کو اپنے حق کے لیے بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کرنے کا حق اقوام متحدہ کا چارٹر فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی قیادت نے خود اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں جا کر ساری دنیا کے سامنے عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے گی ،ہندوستان نے اپنے عہد سے انخراف کیا ہے اب عالمی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ہندوستان کو کٹہرے میں لائے اور کشمیریوں کو ان کا حق دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ،کشمیریوں کا خون عالمی برادری کے سر ہے اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد کشمیر کی آزادی کے لیے ٹھوس اور جامع حکمت عملی پر تسلسل سے کام کرتا تو آج کشمیری آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہوتے ،اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے نائب وزیر خارجہ کا تقرر کرے اس وقت نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے کشمیریوں کو گھیر کر شہید کیا جارہا ہے بچے، بوڑھے اور خواتین بھی قابض فوج کی دستبرد سے نہ بچ سکے ،کھیتوں اور کھلیانوں کو تباہ کیا جارہا ہے کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے آئے روز سیز فائر لائن پر بھارتی گولہ باری سے کشمیری بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ان حالات میں عالمی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھارت کو جارحیت سے روکے اور کشمیریوں کو حق خوداردیت دلائے انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو جاتا جنوبی ایشیا کا امن خطرے سے دو چا رہے گا ۔