Live Updates

وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور شیخ رشید کی نونک جھونک

وزیراعظم کے زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں ایک دوسرے کوکھری کھری سناڈالیں

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 18 اپریل 2019 06:12

وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور شیخ رشید کی نونک جھونک
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2019ء) پی ٹی آئی حکومت کے وزرا ہمیشہ سے ایک دوسرے پر انگلی اٹھاتے نظر آئے ہیںاس میں کوئی شک نہیں کہ حکومتوں میں بھی گروپ بندی ہوا کرتی ہے مگر موجودہ حکومت میں تو یہ خلا واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے۔خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ اور گورنر آمنے سامنے ہیں جبکہ پنجاب میں بھی شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کا گروپ بھی واضح طور پر سب کے سامنے ہیں۔

اس کے علاوہ بھی دیگر وزرا اپنی اپنی جگہ پر حکومت سے نالاں نظر آتے ہیں جس کی واضح مثال پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کا استعفا ہے جس نے یہ کہہ کر پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی کہ صوبے اور وفاق میں ان کی حکومت ہے مگر ان کی بات کوئی نہیں سنتا۔اب شیخ رشید اور وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان بھی آمنے سامنے آ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ رشید چونکہ ریلوے کی وزارت کا قلمدان سنبھالے ہوئے ہیں لہٰذا ریلوے کی بہتری کے لیے ان کی پھرتیاں بھی قابل دید ہوتی ہیں۔

گزشتہ دنوں کابینہ کی میٹنگ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی۔ابھی میٹنگ کا باقاعدہ آغاز بھی نہیں ہوا تھا کہ شیخ رشید نے غلام سرور خان کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس او کے لیے آئل کی ٹرانسپورٹیشن پاکستان ریلوے کے ذریعے ہو گی مگر آپ نے ابھی تک یہ وعدہ پورا نہیں کیا۔یہ جملہ غلام سرور خان نے سنناہی تھا کہ وہ سیخ پا ہو گئے اور انہوں نے شیخ رشید کو ترنت جواب دیا کہ آ پ ہر وقت سیاسی طور پر پوئنٹ سکورنگ کے چکر میں رہتے ہیں کبھی تو اس حالت سے باہر بھی آ جایا کریں۔

غلام سرور خان نے شیخ رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کو ہوئے ابھی چند روز ہی تو گزرے ہیں کچھ دن صبر کریں ٹرانسپورٹیشن بھی شروع ہو جائے گی ابھی جس کام کے لیے آئے ہیں پہلے وہ تو کر لیں۔دونوں کے تندوتیز جملوں کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے مداخلت کی اور انہیں خاموش کراتے ہوئے میٹنگ کا آغازکردیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات