Live Updates

کوئی بھی وزیر مستقل رہنے کے لیے نہیں آیا

ہم عوام کی نوکری کرنے آئے ہیں، اسد عمر کے استعفے کی وجوہات کا علم نہیں ہے۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اپریل 2019 12:04

کوئی بھی وزیر مستقل رہنے کے لیے نہیں آیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل 2019ء) : وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ کوئی وزیر بھی مستقل رہنے کے لیے نہیں آیا، ہم عوام کے لیے نوکری کرنے آئے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ مجھے اسد عمر کے استعفے کی وجوہات کا علم نہیں ہے۔ اس معاملے میں وزیراعظم عمران خان ہی حتمی فیصلہ کرتے ہیں۔

ہم عوام کی نوکری کرنے آئے ہیں۔ کابینہ میں تنقید ایک جمہوری روایت ہے، وزارت کی بنیاد صرف کارکردگی ہے، کوئی بھی وزیر مستقل رہنے کے لیے نہیں آیا۔ فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف میں دیر سے جانے کا ملبہ اسد عمر پر نہیں ڈالنا چاہئیے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز اسد عمر کی اچانک تبدیلی اور وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر قلمدان تبدیل ہونے نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے جن کے جوابات کے لیے عوام کی نظریں موجودہ حکومتی جماعت پر ٹکی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اسد عمر کی اچانک تبدیلی سے سیاسی حلقوں میں بھی ہلچل پیدا ہوئی ہے اور اس حوالے سے کئی چہ مگوئیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ اسد عمر کی تبدیلی سے متعلق تو خبریں کئی روز سے گردش کر رہی تھیں ، جس پر تین روز قبل وزیر توانائی عمر ایوب، اسد عمر کی تبدیلی سے متعلق تردید کرتے نظر آئے۔ سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی تبدیلیوں کی تردید کرتے ہوئے میڈیا کو ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مشورہ دیا تھا۔

لیکن ٹھیک تین روز کے بعد ہی ان خبروں کا سچ ثابت ہو جانا کیا اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت اپنے وزرا کو آپس میں باندھ کر رکھنے اور انہیں کارکردگی دکھانے کی ترغیب دینے میں ناکام ہو گئی ہے؟ اس صورت میں ملک میں سیاسی ہیجان پیدا ہونے کا خدشہ ہے جبکہ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے حالیہ بیان نے مزید تشویش پیدا کر دی ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کے اس بیان میں غالباً اس بات کا اشارہ ہے کہ ابھی مزید لوگ وزارتوں سے ہاتھ دھوئیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات