Live Updates

وزیراعظم کی حکومتی ترجمانوں کو فرنٹ فٹ پرکھیلنے کی ہدایت

حکومتی ترجمان حقائق بتائیں لیکن لوگوں کو ڈرائیں نہیں، بھرپور تیاری کے ساتھ میڈیا پرجائیں، عوامی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 اپریل 2019 19:40

وزیراعظم کی حکومتی ترجمانوں کو فرنٹ فٹ پرکھیلنے کی ہدایت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو فرنٹ فٹ پرکھیلنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ترجمان حقائق بتائیں لیکن لوگوں کو ڈرائیں نہیں،بھرپور تیاری کے ساتھ میڈیا پرجائیں، عوامی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میںآ ج پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں جہانگیرترین، عمر ایوب، عبدالرزاق داؤد، پرویز خٹک، فیصل جاوید، فیصل واوڈا، شیخ رشید، فردوس عاشق اعوان،عثمان ڈار، خسروبختیار،ندیم افضل چن،شہزاداکبر،افتخار درانی،حماد اظہر سمیت وفاقی وزراء ، مشیران ، معاونین خصوصی نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان پارٹی ترجمانوں کو پارٹی کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح اجلاس میں پارٹی بیانیہ ،ملکی معیشت اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسد عمر اچھے آدمی ہیں۔ان کو دوبارہ کابینہ میں لانے کا خواہشمند ہوں۔اسد عمر کو کابینہ میں واپس لانے کا فائدہ ہوگا۔معاشی بحران بہت زیادہ تھا، لوگوں کو اعتراض تھا کہ اسد عمر بڑے اکانومسٹ نہیں ہیں،اس لیے اسدعمر کو ہٹایا گیا ہے۔

اس کے برعکس اسحاق نے پاکستان کو معاشی بحران دیا، لیکن اس کے باوجود اس کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ بھی وزراء کی کارکردگی کو مانیٹر کرو ں گا،وزیرمشیر اپنی پروموشن کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے کام کریں۔عوام کا احساس نہ کرنے والا کابینہ میں نہیں رہے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ حفیظ شیخ بڑے اکانومسٹ اورعالمی مالیاتی امور پر عبور رکھتے ہیں۔

حفیظ شیخ نے ماضی میں بھی پاکستانی معیشت کو بحران سے نکالاتھا۔انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں 300گنا اضافے سے عوام پربوجھ پڑتا ہے، عامر کیانی کو ہٹانے کی وجہ بھی یہی تھی کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے مختلف اجلاسوں کی صدارت کی ہے، عمران خان نے حفیظ شیخ کو چارج دیا اور حفیظ شیخ پی ٹی آئی کا اوپنر پلیئر ہے،حفیظ شیخ سے پاکستان کے معاشی اور عوامی مسائل پر بات ہوئی وزیراعظم نے حفیظ شیخ کو کچھ ٹارگٹ دیے ہیں۔

عمران خان نے معاشی ٹیم کو باور کروایا کہ ہم نے 22کروڑ عوام کی توقعات کو کس طرح پورا کرنا ہے۔ نئی اکنامک ٹیم کو ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔ کہ کس طرح ہم نے پاکستان کو مسائل سے نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کل کوئٹہ کا دورہ کریں گے، اسی طرح 21اپریل کو ایران کا دورہ کریں گے پھر چین کا دورہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمر ایوب کو پٹرولیم مصنوعات کا اضافی چارج دیا جا رہا ہے۔

عوامی توقعات ،ترجیحات میں اگر عوام اور حکومت کے درمیان کہیں خلاء ہے تواس کو عمران خان نے نمبر ون ایجنڈا رکھا ہے۔کہ کسی بھی طرح عوامی مسائل پر کمپرومائز نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مختلف وزارتوں کو ذمہ داریاں سونپی ہیں کہ رمضان شریف میں عوام کو ریلف دیا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات