کپتان صرف آٹھ ماہ میں ایکسپوز ہوچکے ،کپتان وژن،ٹیم اور حکمت عملی بارے جو دعوے کرتا تھا اُس میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے،ایمل ولی خان

تمام سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا موجودہ وقت میں ’’--- -ملک بچائو اور شفاف الیکشن کرائو‘‘ ہونا چاہیے، وفود سے بات چیت

ہفتہ 20 اپریل 2019 23:00

<پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ کپتان صرف آٹھ ماہ میں ایکسپوز ہوچکے ہیں،کپتان وژن،ٹیم اور حکمت عملی بارے جو دعوے کرتا تھا اُس میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے،اسی وجہ سے اُس کو یقین ہوچلا ہے کہ اُس کی حکومت جلد گھر جانے والی ہے،تمام سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا موجودہ وقت میں ’’--- -ملک بچائو اور شفاف الیکشن کرائو‘‘ ہونا چاہیے۔

باچا خان مرکز پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ کپتان کی ناکامی کے بعد اب نیب اور مقتدر قوتیں بھی پی ٹی آئی اور کٹھ پتلی وزیر اعظم کو نہیں بچا سکتی یہی وجہ ہے کہ اب کپتان اپوزیشن جماعتوں کے پائوں پڑ رہا ہے کہ اُس کی حکومت نہ گرائی جائے ۔

(جاری ہے)

حکومت گرانے اور مزید وقت مانگنے بارے کپتان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ یہ اشارہ کپتان نے اسٹیبلیشمنٹ کو دیا ہے کہ اُسے مزید وقت درکار ہے ،صرف آٹھ ماہ میں اُس کی حکومت نہ گرائی جائے،یہ اشارہ قطعا اپوزیشن جماعتوں کی طرف نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوامیں گزشتہ چھ سال اور ملک میں آٹھ ماہ سے کپتان کی کپتانی میں کرپٹ مافیا سرگرم ہے، اور ذاتی مفادات کی خاطر قومی وسائل لوٹے جا رہے ہیں ، مدینہ کی ریاست بنانے والے آج ہول سیل پر کرپشن میں مصروف ہیں،،بلین ٹری سونامی اور بی آر ٹی میں اربوں روپے لوٹ لئے گئے لیکن بدقسمتی سے نیب کی آنکھوں میں موتیا اترا ہوا ہے اور اسے سیاسی مخالفین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ پشاور کو بی آر ٹی کی ضرورت ہی نہیں تھی شہرکی بین الاقوامی شاہراہ کا بیڑا غرق کر دیا گیا جس سے تجارت اور تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلط وزیر اعظم تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو چور اور ڈاکو کہتا ہے لیکن سب سے بڑے کرپٹ مافیا کو ساتھ ملایا ہوا ہے، پرویزخٹک نے کرپشن کی تاریخ رقم کر دی ہے لیکن وہ پی ٹی آئی اور نیب کی چھتری تلے محفوظ ہے، ایمل ولی خان نے کہا کہ نیب نے ڈرائی کلین کی دکان کھولی ہوئی ہے اور پی ٹی آئی کے تمام کرپٹ لوگوں کو کلین چٹ دے کر سیاسی مخالفین کو ان کے راستے سے ہٹا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے اپنے گھر کیلئے بھیک مانگنے والا احسان فراموش آج اسی کو چور کہتا ہے اور اپنی مرحومہ والدہ کا نام کیش کر کے اربوں کی چوری میں ملوث ہے،انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے نیازی نے تمام پارٹیوں کا ریجیکٹڈ مال اکٹھا کر کے اپنی جماعت بنا لی، آج پارلیمنٹ میں عوامی نمائندے نہیں بلکہ مقتدر قوتوںکے نمائندے بیٹھے ہیں،انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ڈالر کی اڑان پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس تمام تباہی کی ذمہ دار وہ قوتیں ہیں جنہوں نے امریکی ڈالر بند ہونے کے باعث نیازی کو قوم پر مسلط کیا تاکہ عوام کی کھال اتاری جا سکے لیکن اب اسٹیبلیشمنٹ کو بھی یقین ہوچلا ہے کہ یہ حکومت زیادہ دیر چلنے والا نہیں کیونکہ کپتان کا وہ اوپنر جسے وہ برائن لارا سمجھتا تھا وہ بھی صرف رن ریٹ بڑھا کر صفر رنز پر پویلین لوٹ چکا ہے۔