Live Updates

دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی. وزیراعظم عمران خان کی ایرانی صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس

دونوں ممالک کے تعلقات دیرینہ، ثقافتی اور مذہبی ہیں، وزیر اعظم پاکستان اور وفد کی آمد کے مشکور ہیں‘ پاکستان اور ایران کے سیکورٹی تعاون میں اضافہ کیا جائے گا. ایرانی صدر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 اپریل 2019 13:54

دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی. وزیراعظم ..
تہران(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 22 اپریل۔2019ء) ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی. تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی. اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دیرینہ، ثقافتی اور مذہبی ہیں، وزیر اعظم پاکستان اور وفد کی آمد کے مشکور ہیں.

(جاری ہے)

ایرانی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ملاقات میں پاک ایران تعلقات میں مزید وسعت پر تبادلہ خیال ہوا کچھ عرصے سے سرحدوں پر دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا. انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے سیکورٹی تعاون میں اضافہ کیا جائے گا‘دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی. دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا، آئل اور گیس سے متعلق پاکستان کی ضروریات پوری کریں گے پاک ایران گیس پائپ لائن کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے.

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران پاکستان کو بجلی فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے، دونوں ممالک کے درمیان کمرشل سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں‘ بارڈر سیکیورٹی بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے خطے کی صورتحال کے پیش نظر دونوں ممالک میں تعلقات بڑھانا ہوں گے. انہوں نے کہا کہ افغانستان سمیت دیگر علاقائی امور بھی پر تبادلہ خیال کیا گیا، گولان کی پہاڑیوں اور پاسداران انقلاب گارڈز پر پابندی پر بھی گفتگو ہوئی چاہ بہار اور گوادر کو لنک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا دونوں ممالک امن اور استحکام کا عزم رکھتے ہیں تہران، استنبول اور اسلام آباد ریلوے لائن اور پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان بہترین تعلقات پر بھی گفتگو ہوئی.

حسن روحانی نے مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کا عندیہ بھی دیا‘وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایران کے دورے کی دعوت پر مشکور ہیں، ایران میں پر تپاک استقبال پر بھی شکریہ ادا کرتے ہیں. ایران کا دورہ زمانہ طالب علمی میں کیا تھا نئے پاکستان میں کمزور طبقے کو اوپر لانا چاہتے ہیں ایران میں برابری کا معاشرہ زیادہ نظر آیا ہے زمانہ طالب علمی میں ایران کے دورے میں امیر غریب کا فرق تھا.وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپنی سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، پاکستان نے یہ فیصلہ کسی کے دباﺅ میں نہیں، اپنے مفاد میں کیا ہے.

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں ہی دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں‘ پاکستان اور ایران کی کوششوں سے افغانستان میں حالات مزید بہتر بنائے جا سکتے ہیں، دہشت گردی کے معاملات دونوں ملکوں میں خلیج پیدا کرسکتے تھے. وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں کچھ روز پہلے دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، دونوں ملکوں کا اتفاق ہے کہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی.

انہوں نے کہا کہ انصاف کے بغیر امن ممکن نہیں، فلسطینیوں کو بھی انصاف ملنا چاہیے، فلسطینیوں پر مظالم، گولان پہاڑیوں پر قبضہ اور دیگر اسرائیلی اقدامات ناانصافی پر مبنی ہیں. عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نہتے شہریوں کو مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے،کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم رکھا جارہا ہے،مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے طاقت سے نہیں مذاکرات سے حل ہوں گے.

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایرانی صدر اور وفود کی سطح پر ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بات ہوئی ہے. عمران خان آج ایران کے سپریم لیڈر رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنائی سے بھی ملاقات کریں گے . خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان گزشتہ روز دو روزہ دورے پر ایران پہنچے تھے وزیر اعظم نے مشہد میں حضرت امام رضا کے مزار پر حاضری دی اور خراسان کے گورنر سے بھی ملاقات کی تھی.

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا تھا. آج صبح وزیر اعظم عمران خان سعد آباد پیلس پہنچے جہاں ایرانی صدر حسن روحانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، عمران خان کی آمد پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش گیا گیا. صدارتی محل میں وزیر اعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کی ملاقات بھی ہوئی.
دہشت گردی کے خلاف جوائنٹ ریپڈ ری ایکشن فورس بنائی جائے گی. وزیراعظم ..
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات