مقبوضہ کشمیر کی عوام نے انتخابات کے نام پر رچائے گئے ڈھونگ کو مسترد کردیا

مقبوضہ وادی کے علاقے اننت ناگ میں ووٹنگ کے دوران کرفیو کا سماں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 اپریل 2019 12:08

مقبوضہ کشمیر کی عوام نے انتخابات کے نام پر رچائے گئے ڈھونگ کو مسترد ..
نئی دلی / سری نگر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 اپریل۔2019ء) بھارت کی 13 ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام 2 علاقوں میں پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ جاری ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام نے انتخابات کے نام پر رچائے گئے ڈھونگ کو مسترد کردیا ہے. بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کی 13 ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام 2 علاقوں میں ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 117 نشستوں پر ووٹنگ جاری ہے.

پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں جن ریاستوں میں ووٹنگ ہورہی ہے ان میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی آبائی ریاست گجرات بھی شامل ہے.

(جاری ہے)

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے نام پر رچائے گئے بھارتی ڈھونگ کی تیسری قسط بھی بری طرح ناکام ہوگئی ہے، مقبوضہ وادی کے علاقے اننت ناگ میں ووٹنگ کے دوران کرفیو کا سماں ہے، پولنگ اسٹیشنز پر تعینات عملے کو لوگوں کا انتظار ہے جب کہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ کے ماتحت فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے.

دوسری جانب حریت راہنما یاسین ملک کی حراست کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے. حریت قیادت کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں کاروبار زندگی معطل ہے اور سڑکوں پر ٹریفک ناہونے کے برابر ہے‘کے ایم سی کے مطابق ہڑتال کا مقصد یاسین ملک سے اظہار یکجہتی، نیشنل ہائی وے کی بندش اور تجارت کی معطلی پر احتجاج کرنا ہے. دوسری جانب بھارت کے انتخابات کے ابتدائی دو مراحل کی پولنگ مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہوئی جس میں عوام نے اسے ڈھونگ انتخابات قرار دیتے ہوئے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی.