گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی راجن پورمیں سردار احمد علی دریشک کے والد کی قل خوانی میں شرکت

مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت ایم این اے نصراللہ دریشک نے احمد علی دریشک ، وزیراعلیٰ نے سردار شفقت دریشک اورگورنر نے عاطف دریشک کی دستاربندی کی

جمعرات 25 اپریل 2019 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج راجن پور گئے۔ گورنر اور وزیراعلیٰ نے راجن پور سٹیڈیم میں رکن پنجاب اسمبلی سردار احمد علی دریشک کے والد سردار نوازش دریشک مرحوم کی قل خوانی میں شرکت کی۔ چوہدری محمد سرور اور سردار عثمان بزدار نے رکن پنجاب اسمبلی سردار احمد علی دریشک سے ان کے والد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

گورنر اور وزیراعلیٰ نے سردار احمد علی دریشک سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کے بعدسردار نوازش دریشک مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی سردار احمد علی دریشک اور ان کے بھائیوں کی دستاربندی بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی سردار نصراللہ دریشک نے احمد علی دریشک ، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے سردار شفقت خان دریشک اورگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سردار عاطف خان دریشک کی دستاربندی کی۔

ممبر قومی اسمبلی سرادر نصراللہ دریشک، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری، صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک، اراکین پنجاب اسمبلی سردار اویس دریشک، سردار فاروق امان اللہ دریشک، جاوید اختر لنڈ، سابق وزیراعظم سردار میر بلخ شیر مزاری، سابق پارلیمینٹیرینز ڈاکٹر حفیظ دریشک، شیر علی گورچانی، عاطف مزاری اور لوگوں کی بڑی تعداد نے قل خوانی میں شرکت کی۔