قومی باکسنگ چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے، کرنل (ر ) ناصر تنگ

جمعہ 26 اپریل 2019 13:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر ) ناصر تنگ نے کہاکہ قومی باکسنگ چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں باکسنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں تو انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی باکسنگ چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیراہتمام قومی باکسنگ چیمپئن شپ 29 اپریل سے اسلام آباد میں شروع گی۔ چیمپئن شپ میں 14 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ائیرفورس، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، پاکستان واپڈا، کراچی الیکٹرک، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ میں 10 کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں 49 کلو گرام، 52 کلو گرام، 56کلو گرام، 60کلو گرام، 64کلو گرام، 69 کلو گرام، 75 کلو گرام، 81کلو گرام، 91کلو گرام اور پلس 91 کلو گرام کے مقابلے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ٹیمیں 28 اپریل کو اسلام آباد پہنچیں گی۔ منیجرز میٹنگ، کھلاڑیوں کے ویٹ اور چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان 29 اپریل کو دن 11 بجے کیا جائیگا جبکہ مقابلے شام چار بجے شروع ہو نگے۔

چیمپئن شپ 3 اپریل تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ناصر تنگ نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کا انتخاب قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کیلئے کیا جائے گا۔