ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 26 فیصد کمی،اضافے کا باعث بنی،وزارت صحت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات بتا دیں

ادویات کے لیے خام مال اور پیکنگ مواد کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، بجلی اور گیس کی قیمتوں اضافہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنا، تحریری جواب

جمعہ 26 اپریل 2019 15:49

ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 26 فیصد کمی،اضافے کا باعث بنی،وزارت صحت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) وزارت صحت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات قومی اسمبلی کو بتا تے ہوئے کہاہے کہ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 26 فیصد کمی، اضافے کا باعث بنی۔ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دور ان وزارت صحت نے تحریری جواب میں بتایا کہ ادویات کے لیے خام مال اور پیکنگ مواد کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

وزارت صحت نے کہاکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں اضافہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنا۔ وزارت صحت نے کہا کہ پلانٹس بند ہونے کے سبب چین میں اے پی آئی کی قیمتوں میں اضافہ بھی سبب بنا۔ اجلاس کے دور ان مہرین رزاق بھٹو نے کہاکہ سنا ہے وزیرصحت کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر ہٹایا گیا۔جس پر ڈاکٹر نوشین حامد پارلیمانی سیکرٹری نے بتایاکہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے کی تحقیقات کررہا ہے، ہمیں اپنے اداروں پر اعتماد ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے مطالبہ کیاکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا جائے۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ پارلیمنٹ سب سے بڑا ادارہ ہے، پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔نوشین حامد نے کہاکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے میں کوئی حرج نہیں لیکن کمیٹی نے بھی تو کسی رپورٹ کی بنیاد پر فیصلہ کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ آجائے، پھر کمیٹی کو بھیج دیں گے۔

رکن نے سوال کیاکہ ڈاکٹر ظفر مرزا کو مشیر قومی صحت تعیناتی کی کیا وجہ ہے۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے بتایا کہ وزیراعظم کی صوابدید ہے جس کو بھی معاون خصوصی بنائیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ جب آپ لوگ ہر کسی کو مشیر مقرر کرتے تھے تو ہم نے کچھ نہیں کہا۔انہوںنے کہاکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جارہا ہے، پریشان نہ ہوں۔