پارٹی میں رقص نہ کرنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا

مقتولہ کے تین بچے تھے، شوہر ڈانس پارٹیوں میں رقص کرنے پر مجبور کرتا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 3 مئی 2019 13:51

پارٹی میں رقص نہ کرنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 مئی 2019ء) : پشاور میں پارٹی میں رقص نہ کرنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بشیر آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں شوہر نے رقص نہ کرنے پر اپنی ہی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔پشاور کے علاقے بشیرآباد میں شوہر نے رقص نہ کرنے کی وجہ سے اپنی بیوی اور مشہور رقاصہ نیلم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

اے ایس پی فقیر آباد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ رات تھانہ فقیر آباد کی حدود میں مشہور رقاصہ نیلم کو اس کے شوہر نے فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ مقتولہ کے تین بچے تھے۔ پولیس کی مدعیت میں اس کے شوہر عبدالرؤف کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مقتولہ شوہر سے لڑائی جھگڑے کے بعدناراض ہو کر جا رہی تھی کہ شوہر نے قتل کردیا۔

(جاری ہے)

مقتولہ کی عمر 35 سال بتائی گئی ہے۔ واقعے کی تفصیل مقتولہ کے بچوں نے پولیس کو بتائی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا شوہر اسے ڈانس پارٹیوں میں رقص کرنے پر مجبور کرتا تھا۔خیال رہے اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات پیش آئے ہیں جس میں شوہر کی طرف سے بیوی کو رقص کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ لاہور سے ایک اسماء عزیز نامی خاتون کا کیس سامنے آیا تھا جس نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ اس کا شوہر اسے دوستوں کے سامنے ڈانس کرنے پر مجبور کرتا تھا۔

اسماء عزیز نے اپنی بِپتا سُناتے ہوئے بتایاتھا کہ اُس نے چار سال قبل ایک نوجوان میاں فیصل سے پسند کی شادی کی تھی۔ شروع شروع میں تو وہ اُس پر جان نچھاور کرتا رہا، مگر پھر آہستہ آہستہ اُس کی عیش پرست طبیعت سے پردہ اُٹھتا چلا گیا۔ ازدواجی رشتے کی حُرمت سے ناآشنا یہ نوجوان اپنی ہی طرح کے عیاش دوستوں کو گھر پر لانے لگا۔ اپنی بیوی کو ان دوستوں سے ملنے اور پھر ڈانس کرنے پر مجبور کرتا۔ جب خاتون نے مبینہ طورپر اپنے خاوند کے ان بے شرم تقاضوں کو پُورا کرنے سے انکار کر دیا تو وہ اُس سے سختی سے پیش آنے لگا تھا۔