Live Updates

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کر دیں

منگل 7 مئی 2019 15:48

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کر دیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں ۔تحریک انصاف 31 کروڑ 66 لاکھ روپے کے اثاثوں کے ساتھ سر فہرست جبکہ عوامی مسلم لیگ ایک لاکھ 38ہزار روپے کے اثاثوں کے ساتھ غریب ترین جماعت نکلی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے منگل 81 سیاسی جماعتوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات جاری کی گئیں۔

تحریک انصاف کے اثاثہ جات میں گزشتہ ایک سال کے دوران 22 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ پی ٹی آئی کو اوورسیزپاکستانیوں نے 6 کروڑ 58 لاکھ روپے کے فنڈز دیئے۔پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے 6 پارٹی اکائونٹس شائع کئے ہیں جبکہ پارٹی کے سربراہ عمران خان کی جانب سے یہ سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے کوئی ممنوعہ فنڈنگ موصول نہیں کی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے اثاثوں کی مالیت 25 کروڑ 33 لاکھ 77 ہزار روپے ہے، مسلم لیگ (ن) کو گزشتہ عام انتخابات کے موقع پر پارٹی ٹکٹس کی فیس کی مد میں 11 کروڑ 97 لاکھ روپے موصول ہوئے ۔ ایک سال کے میں مسلم لیگ (ن) کے اثاثوں میں 2 کروڑ روپے کااضافہ ہوا۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے اثاثہ جات 16 کروڑ 70 لاکھ روپے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کو ایک کروڑ 75 لاکھ روپے کاچندہ ملا، جماعت اسلامی کے اثاثہ جات کی مالیت 10 کروڑ 63 لاکھ روپے ، مسلم لیگ (ق) کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 99 لاکھ روپے ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات