گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کیے جانے والے رضا باقر کے والد کو شہید بے نظیر بھٹو نے خوب عزت بخشی تھی

پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق چیئرمین اور وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو شہید نے رضا باقر کے والد کو سوئٹزر لینڈ کے لیے پاکستان کا سفیر مقرر کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 13 مئی 2019 14:59

گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کیے جانے والے رضا باقر کے والد کو شہید بے نظیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 مئی 2019ء) : حال ہی میں گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کیے جانے والے رضا باقر کی تعیناتی کے فیصلے پر اپوزیشن نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا لیکن سچ تو یہ ہے کہ رضا باقر وہ شخصیت ہیں جن کے والد کو پاکستان پیپلز پارٹی کی چئیرمین اور سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے عزت بخشی تھی۔ اس حوالے سے صحافی و تجریہ کار مظہر برلاس میں اپنے کالم میں لکھا کہ ڈاکٹر باقر کے دادا چوہدری جان محمد زمیندار تھے جبکہ ان کے والد چوہدری محمد شریف بیرسٹر تھے۔

رضا باقر کے والد چوہدری محمد شریف نے پیپلز پارٹی کے اُمیدوار کی حیثیت سے 1988ء میں بورے والا سے انتخاب میں بھی حصہ لیا تھا تاہم انہیں مسلم لیگی رہنما شاہ مہدی نسیم شاہ سے 10 ہزار ووٹوں سے شکست کا سامنا رہا۔

(جاری ہے)

لیکن یہ شکست ان کی ہار ثابت نہ ہو سکی کیونکہ پیپلز پارٹی کی سابق چیئرمین اور وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو شہید نے انہیں سوئٹزر لینڈ کے لیے پاکستان کا سفیر مقرر کر دیا تھا۔

اس کے بعد وہ ملک معراج خالد کے دور میں مشیر بھی رہے جبکہ ان کے بیٹے رضا باقر ،جو کہ اس وقت گورنر اسٹیٹ بینک ہیں، اپنی ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر رضا باقر آئی ایم ایف کی نوکری چھوڑ کر پاکستان خدمت کے لیے آئے ہیں، انہیں انگریزی، اُردو اور پنجابی زبانیں آتی ہیں ۔ ان کا تعلق ملتان کے قریبی علاقہ وہاڑی کے ایک گاﺅں 571 ای بی سے ہے اور یہ وہیں کے رہنے والے ہیں۔ ڈاکٹر رضا باقر پاکستان آنے سے پہلے آئی ایم ایف کے لئے مصر میں کام کر رہے تھے۔ ڈاکٹر رضا باقر اس سے قبل آئی ایم ایف کے لئے رومانیہ میں کنٹری ہیڈ تھے، ڈاکٹر رضا باقر نے کیلیفورنیا سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ۔