بورے والا،چیئرمین بلدیہ غیر قانونی طور پر عہدے پر فائز رہ کر مالی و انتظامی اختیارات استعمال کیے، میاں عبدالمتین

منگل 14 مئی 2019 20:08

بورے والا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2019ء) پی ٹی آئی کے راہنما و سابق امیدوار چیئرمین بلدیہ میاں عبدالمتین نے کہا ہے کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین بلدیہ عدالتی فیصلے پر 30 اپریل کو اپنے عہدوں سے فارغ ہو گئے تھے جبکہ بلدیاتی ادارے 4مئی کو تحلیل ہوئے لیکن چیئرمین بلدیہ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلہ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 30 اپریل کے بعد عہدہ نہیں چھوڑا اور غیر قانونی طور پر اس عہدے پر فائز رہ کر مالی و انتظامی اختیارات استعمال کیے، اٴْنکے اس غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کے خلاف ہم نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی کو تحقیقات کیلئے درخواست دیدی ہے، جس پر انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ بورے والا کو تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق چیئرمین بلدیہ چوہدری محمد عاشق آرائیں اور وائس چیئرمین بلدیہ حاجی محمد افتخار بھٹی کے خلاف 2016کے بلدیاتی الیکشن میں جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپانے کے علاوہ متعدد کوائف مخفی رکھنے کے اس غیر آئینی اقدام کے خلاف میں نے الیکشن ٹربیونل ملتان میں انتخابی عذرداری دائر کر رکھی تھی جس پر الیکشن ٹریبونل نے 30اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے دونوں عہدیداران کا الیکشن کالعدم قرار دیکر انہیں عہدوں سے فارغ کر دیا تھا، اس عدالتی فیصلے کے بعد چیئرمین اور وائس چیئرمین کا اپنے اختیارات استعمال کرنا غیر قانونی ہے جس کے خلاف ہم عدالتی چارہ جوئی بھی کریں گے۔