Live Updates

بھارت نے پاکستانی سرحد کے قریب ائیر ڈیفنس یونٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا

بھارتی فوج کے افسران نے بھارت کی فضائی صلاحیتیں کتنی کمزور ہونے کا اعتراف بھی کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 16 مئی 2019 11:49

بھارت نے پاکستانی سرحد کے قریب ائیر ڈیفنس یونٹ تعینات کرنے کا فیصلہ ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 مئی 2019ء) : بھارت نے پاکستان کی سرحد پر ائیر ڈیفنس یونٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک کے معتبر ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ روزبھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کی صدارت میں فوجی افسران کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں بعض جرنیلوں کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو پاکستانی طیاروں کے مقبوضہ کشمیر میں گھس کر اپنے ٹارگٹس حاصل کرلینے سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہماری فضائی صلاحیتیں کتنی کمزور ہیں۔

بھارتی فوجی افسران نے بھارتی کی فضائی صلاحیتیں کمزور ہونے کا اعتراف کیا اور کہا کہ بالا کوٹ ائیر اسٹرائیک کے بعد پاکستان کا ہماری حدود میں داخل ہونا یہ ثابت کرتا ہے وہ ہماری کمزوریوں سے واقف ہے لہٰذا ہمیں اپنے ائیر ڈیفنس یونٹوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر کے پاکستانی سرحدوں کے قریب تعینات کرنا چاہیئے تاکہ آئندہ کبھی ایسا واقعہ ہو تو ائیر ڈیفنس یونٹس بروقت جواب دے سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کی جانب سے دی گئی ان معلومات پر بھی غوروخوض کیا گیا کہ بھارتی افواج میں کئی افسران آئی ایس آئی کے لیے کام کرتے ہیں ۔ایک افسر کا کہنا تھا ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری سے پوری دنیا میں بھارت کی جگ ہنسائی ہوئی اورجوانوں کا مورال بھی ڈاؤن ہوا۔ ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ایک بڑی مشق کی جس میں کئی اسرائیلی کمانڈوز نے بھی حصہ لیا ۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو ایک کار خود کش دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے براہ راست پاکستان پر عائد کیا تھا۔ پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور 26 فروری کی رات بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب نصب ہتھیار پھینکتے ہوئے بھاگ نکلے تھے۔

جس کے بعد بدھ کی صبح 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پاک فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور حراست میں لے لیا تھا۔ بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری کے بعد سے بھارتی میڈیا میں یہ چرچا تھا کہ پاکستان اب پائلٹ کی رہائی کے لیے بھارت کے سامنے شرائط رکھے گا ، بھارتی حکومت نے مؤقف دیا کہ ہم کسی قسم کی شرائط ماننے کو تیار نہیں ہیں۔

لیکن جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ہم بھارتی پائلٹ کو امن کے فروغ کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی خوب سراہا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات