Live Updates

مریدکے،جہلم کے قریب سلنڈر دھماکہ میں جاں بحق ایک ہی گھر کے چار افراد کی نعشیں ورثاء کے حوالے

جمعرات 16 مئی 2019 17:03

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2019ء) مریدکے میں چھ مئی کو جہلم کے قریب سلنڈر دھماکہ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے ایک ہی گھر کے چار افراد کی نعشیں ڈی این اے کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں ،مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے چاروں افراد کا تعلق مریدکے کی آبادی رتن پورہ سے ہے ،جاں بحق ہونے والی خاتون نرگس اس کی دو جوان پوتیوں اور پوتے کی نعشیں تابوت کی شکل میں جب گائوں پہنچیں تو کہرام مچ گیا ،ہر آنکھ اشکبار ہوگئی ،ساٹھ سالہ نرگس بی بی اسکی دو پوتیوں سولہ سالہ سویرا شوکت چودہ سالہ تہمینہ شوکت اور بارہ سالہ پوتے شفقت کی میتیں رتن پورہ گاوں پہنچنے پر سینکڑوں مسیحی برادری کی خواتین اور مردوں نے ہاتھوں میں مرحومین کی تصویریں پکڑ کرمسیحی رہنماء ڈاکٹر پاسٹر مرقس شریف کی قیادت میں احتجاج کرتے کہا کہ چھ مئی کو حادثہ ہوا نو دن ڈی این اے میں لگ گئے ،اوپر سے ستم یہ کہ نو دن بعد میتیں دی گئیں تو چار میتوں کیلئے دو تابوت دیئے گئے ،کہا گیا ایک تابوت میں دو میتیں رکھی جائیں گی ،ہم نے خود دو تابوت خرید کر میتیں ان میں رکھیں ،نو دن میں کسی حکومتی اہلکار نے ان کے ساتھ افسوس تک نہیں کیا اور نا ہی آج جنازوں پر کوئی پہنچا ہے ہم اقلیت کیا پاکستان کے شہری نہیں ہیں ،وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نوٹس لیں اور متاثرہ خاندان کی امداد کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات