اوکاڑہ: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے ساتھ شائستہ رویہ اپنائیں: ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر

روڈ کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال اور ڈیوٹی ٹھیک نہ کرنے والے آفیسرز کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 16 مئی 2019 17:01

اوکاڑہ: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے ساتھ شائستہ ..
اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،16 مئی 2019ء، نمائندہ خصوصی، ساجد علی چوہان) ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر وسیم اختر صاحب نے آئی جی پنجاب عارف نواز صاحب اور ڈی پی او اوکاڑہ اطہر اسماعیل صاحب کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ٹریفک پولیس اوکاڑہ کے تمام سٹاف کو ٹریفک ہیڈکوارٹر میں میٹنگ کال کرکے بریف کیا کہ ٹریفک پولیس مکمل پروفیشنل انداز سے کسی بھی قسم کے حالات میں اپنا مورال بلند رکھے گی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کے ساتھ کبھی بھی غیر شائستہ رویہ اور تلخ جملوں کا تبادلہ نہیں کریں گے۔

حالات اور موقع کی مناسبت سے چاق و چوبند ہو کر اپنی ڈیوٹی انجام دیں۔ مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روڈ کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال اور ڈیوٹی میں عدم دلچسپی کی صورت میں ایسے آفیسرز کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے حوالے سے انسپکٹر ہیڈکوارٹر رائے محمد اسماعیل کوخصوصی طور پر ٹاسک دیا کہ مصروف شاہراﺅں پر خود گشت لگائیں تا کہ سڑکوں پر غلط طریقوں سے پارک پھل فروٹ کی ریڑھیوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو سکے اور رمضان بازاروں،فروٹ مارکیٹوں اور غلہ گوداموں پر ٹریفک کی ڈیوٹی کو ہمہ وقت چست اور ہوشیار رہنے کے بارے میں کہا۔

تاکہ عوام الناس کو سفری سہولت دے کر اللہ تبارک تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہو سکے اور ٹریفک پولیس اوکاڑہ کی نیک نامی میں اضافہ ہو سکے۔